مقدسین کی طرح اپنی زندگیوں کو خدا کی طرف لے جائیں اور انہیں پاکیزگی و خدمت کا شاہکار بنائیں۔پوپ لیوچہار دہم
مورخہ 7ستمبر2025کو سینٹ پیٹر اسکوائر میں پئیرجیور گوفراساٹی اور کارلو ایکوٹیس کے کینونائزیشن کے روز پوپ لیو چہارد ہم نے مومنین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِن دو نوجوان مقدسین کی مثالیں ہم سب کو، خاص طور پر نوجوانوں کو دعوت دیتی ہیں کہ وہ اپنی زندگیوں کو خدا کی طرف لے جائیں اور انہیں پاکیزگی اور خدمت کا شاہکار بنائیں۔
پوپ لیو نے بڑی خوشی کے ساتھ نئے نوجوان مقدسین کا اعلان کیا اور دونوں نئے مقدسوں کی غیر معمولی گواہی پر غور کیا اور کہاکہ سلیمان نبی کی طرح، ان نوجوانوں نے بھی ہماری زندگیوں اور دنیا کے لیے خُدا کے منصوبوں کو بہتر طور پر سمجھنے اور اُن پر وفاداری سے عمل کرنے کے لیے حکمت کے تحفے کی تلاش کی۔ اور ایسا کرتے ہوئے، اُنہوں نے اپنی مثالوں، الفاظ اور اعمال کے ذریعے دوسروں کو خُدا کے پاس لانے کے لیے اپنے تحائف کا استعمال کیا۔
پو پ لیو نے بتایا کہ نوجوانوں کو اکثر اپنی زندگیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقدس فرانسس آف اسیسی کی زندگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں انھوں نے خدا کی مرضی پوری کرتے ہوئے اپنا سب کچھ چھوڑ دیا اور غریبی کی زندگی اختیار کر لی۔
تاریخ میں بہت سارے مقدسین نے اسی طرح خدا کی طرف دیکھتے ہوئے جرات مندانہ انتخاب کیے ہیں۔پوپ لیو نے بتایا کہ کس طرح سینٹ آگسٹین نے اپنے اندر ایک آواز محسوس کی جس نے کہا: میں تمہیں چاہتا ہوں اور پھرخدا نے اْنھیں ایک نئی سمت، ایک نیا راستہ، ایک نئی وجہ دی، جس میں اْن کی زندگی کا کچھ بھی ضائع نہیں ہوا۔
20ویں صدی کے اوائل کے ایک نوجوان اطالوی مقدس پئیرجیور گوفراساٹی کی زندگی، روحانیت کے لیے ایک مینار ہے،کیونکہ اْن کے لئے ایمان کوئی نجی معاملہ نہیں بلکہ اجتماعی طور پر غریبوں کی خدمت کا عہدتھا۔موجودہ دور کے نوجوان اطالوی مقدس کارلو ایکوٹیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے، کہا کہ مقدس کارلو نے بھی اسکول کے ذریعے اپنے ایمان کو پایا۔
روزانہ پاک ماس، دْعا، خاص طور پر یوخرست اورخد مت کے چھوٹے چھوٹے کام دونوں مقدسوں کی زندگیوں کا لازمی عنصر تھی جس کے ذریعے وہ خدا اور ہمسائے کی محبت میں مضبوط ہوتے گئے اور یہاں تک کہ جب بیماری نے اْن دونوں کی زندگی کو مختصر کر دیا ایسے میں بھی وہ اْمید کی گواہی دیتے رہے اور اپنے آپ کو خدا کے سامنے پیش کرتے رہے۔
پوپ لیونے مزید کہا کہ کس طرح مقدس پیئر جارجیو نے ایک بار کہا تھا: ”میری موت کا دن میری زندگی کا سب سے خوبصورت دن ہوگا“اور نوجوان مقدس کارلو اکثر کہا کرتے کہ ”جنت ہمیشہ سے ہمارا انتظار کر رہی ہے، اور یہ کہ کل سے محبت کرنا ہمارے آج کا بہترین پھل دینا ہے“۔
اپنے پیغام کے آخر میں پوپ لیو نے اس بات پر زور دیا کہ آج یہ دونوں مقدسین ہم سب کو دعوت دیتے ہیں،خاص طور پر نوجوانوں کو، کہ ہماری زندگیاں ضائع کرنے کے لیے نہیں، بلکہ اْنھیں خدا کی طرف لے جانے اور شاہکار بنانے کے لیے ہیں۔جیسا کہ مقدس کارلو اپنی الفاظ سے ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ ”میں نہیں،بلکہ خْدا“یہ اْن کی پاکیزگی کا سادہ لیکن جیتنے والا فارمولہ ہے جس کی پیروی کرنے کے لیے ہمیں بلایا جاتا ہے، تاکہ زندگی سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں اور ابدی زندگی میں خدا سے مل سکیں۔
Daily Program
