مسیح کی محبت کے حقیقی گواہ بنیں۔ پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 4مارچ 2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے اپنے ہفتہ وار عمومی خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ کلیسیا کی انسانی اور الٰہی وسعت ایک دوسرے کے خلاف نہیں بلکہ ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کلیسیا کوئی مثالی ادارہ نہیں جو تاریخ اور زمین سے الگ ہو، بلکہ صرف مسیح کی وہی ایک کلیسیا ہے جو تاریخ کے اندر مجسم ہے۔
پوپ لیو نے دوسری ویٹیکن کونسل کی دستاویز ”دنیا کا نور“ پر اپنی گفتگو جاری رکھی اور اس بات پر غور کیا کہ یہ دستاویز کلیسیا کی انسانی اور الٰہی حقیقت کے راز کو کس طرح بیان کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دستاویز اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ کلیسیا ایک منظم بدن ہے جس میں انسانی اور الٰہی وسعت بغیر اصطلاح کے وجود رکھتی ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ کلیسیا مردوں اور عورتوں کی ایک جماعت ہے جو مسیحی ہونے کی خوشیوں اور مشکلات کو بانٹتے ہیں۔ ان میں خوبیاں بھی ہیں اور کمزوریاں بھی، مگر وہ خوشخبری کا اعلان کرتے ہیں اور مسیح کی موجودگی کی نشانی بنتے ہیں جو زندگی کے سفر میں ہمارے ساتھ رہتا ہے۔
تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ صرف یہی پہلو کلیسیا کی اصل فطرت کو بیان کرنے کے لیے کافی نہیں، کیونکہ اْس کی ایک الٰہی وسعت بھی ہے۔ یہ الٰہی پہلو اس کے ارکان کی کامل روحانیت یا برتری میں نہیں بلکہ اس حقیقت میں ہے کہ کلیسیا خدا کے منصوبے سے پیدا ہوئی ہے جو انسانیت کے لیے مسیح میں پورا ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسی لیے کلیسیا بیک وقت ایک زمینی جماعت بھی ہے اور مسیح کا روحانی جسم بھی؛ ایک ظاہری اجتماع بھی اور ایک روحانی راز بھی؛ تاریخ میں موجود حقیقت بھی اور آسمان کی طرف سفر کرنے والی قوم بھی۔
پوپ لیو نے زور دے کر کہا کہ کلیسیا کی انسانی اور الٰہی جہتیں خوبصورتی سے ایک دوسرے میں ضم ہیں اور کوئی بھی دوسرے پر غالب نہیں آتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کلیسیا اسی تضاد میں زندہ ہے۔ وہ ایک ایسی حقیقت ہے جو انسانی بھی ہے اور الٰہی بھی، جو گناہگار انسان کو قبول کرتی ہے اور اسے خدا کی طرف لے جاتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ دستاویز اس کلیسیائی حقیقت کو سمجھانے کے لیے مسیح کی زندگی کی مثال دیتی ہے۔پوپ لیو نے کہا کہ جب ہم کلیسیا کو یسوع کی حقیقت کی روشنی میں دیکھتے ہیں تو ہمیں اس میں ایک انسانی پہلو نظر آتا ہے جو حقیقی لوگوں پر مشتمل ہے۔ کبھی وہ انجیل کی خوبصورتی کو ظاہر کرتے ہیں اور کبھی دوسروں کی طرح کمزور پڑ جاتے ہیں۔لیکن یہی کمزور انسانی پہلوؤں کے ذریعے مسیح کی موجودگی اور اْس کی نجات بخش کارروائی ظاہر ہوتی ہے۔
آخر میں پوپ  لیونے مومنین کو دعوت دی کہ وہ مسیح کی محبت کے حقیقی گواہ بنیں تاکہ ہر شخص ہمارے اندر اور ہمارے درمیان وہ محبت دیکھ سکے جو حقیقی مسیحیوں کی پہچان ہے اور کلیسیا کی تعمیر کرتی ہے۔