مقدسہ مریم کی طرح ایمان لائیں اور خدا کو ہاں میں جواب دیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 8دسمبر2025کو پاپائے اعظم لیوچہاردہم نے مقدسہ مریم کے بیداغ حمل میں لئے جانے کی عید کے موقع پر مومنین کو دعوت دی کہ مقدسہ مریم کی طرح ایمان لائیں اور مسیح کو اپنی زندگی میں جگہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ خدا نے مقدسہ مریم کو ایک منفرد فضل سے نوازا جس کی بدولت وہ اپنے آغازِ وجود ہی سے اصل گناہ سے محفوظ رہیں۔ یہ فضل انہیں مسیح کی آئندہ ہونے والی نجات بخش قربانی کے پیشِ نظر عطا کیا گیا تھا۔
پوپ لیو نے کہا کہ خدا کی ماں مقدسہ ماں کا ”ہاں“ میں جواب بے مثال ہے لیکن ہماری ”ہاں“ بھی اتنی ہی خوبصورت ہو سکتی ہے اگر ہم ہر دن اْس کا شکرگزاری، عاجزی، ثابت قدمی اور محبت کے عملی اظہار کے ساتھ اظہارکریں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے اس حقیقت کو اْجاگر کیا کہ خدا نے مقدسہ مریم کو بے داغ دل عطا فرمایا۔جب فرشتہ پیغام لے کر آتا ہے،اِس پر مقدسہ مریم نے ایمان سے جواب دیا:میں خداوند کی بندی ہوں، میرے لئے تیرے قول کے مطابق ہو۔جو کہ عاجز دل کی پہچان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فضل اسی لیے پھل لایا کیونکہ مریم نے آزادانہ طور پر خدا کے منصوبے کو قبول کیا۔خدا ہمیشہ ہمیں بڑے تحفے دیتا ہے، مگر قبول کرنے یا نہ کرنے کی آزادی ہمارے ہاتھ میں ہی رکھتا ہے۔
پوپ لیو نے مومنین کو ترغیب دی کہ مقدسہ مریم کی طرح سادگی اور فرمانبرادری کے ساتھ اپنے مشن کو قبول کریں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح مریم نے خاص فضل کے وسیلے سے مسیح کو قبول کیا اور دنیا تک پہنچایا، اسی طرح بپتسمہ ہمارے اندر مسیح کی سکونت کا باعث بنتا ہے اور ہمیں کلیسیا کے ساتھ مل کر دنیا کی تبدیلی میں حصہ لینے کے قابل بناتا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ لیو نے یاد دلایا کہ وہ شام کو روم کے Spanish Steps پر واقع مقدسہ مریم کے سٹیچو کے سامنے سلام پیش کرنے جائیں گے۔
یاد رہے ہر سال 8 دسمبر کو پوپ وہاں جا کر پھولوں کی ٹوکری مقدسہ مریم کے قدموں میں رکھتے ہیں۔