پیس سینٹر لاہور میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر بین المذاہب تقریب کا انعقاد
مورخہ 8 مارچ 2026 کو پیس سینٹر لاہور میں عالمی یوم خواتین کے موقع پرایک باوقار اور بین المذاہب تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ، کرسچن کیئر فاؤنڈیشن اور تمام خواتین اور لڑکیوں کے حقوق، انصاف اور عمل”مہم کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریورنڈفادر جیمز چنن OP نے کہا کہ ایک پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے میں موجود تنوع کو تسلیم کیا جائے اور مرد و خواتین کے مساوی حقوق کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف مذاہب اور برادریوں کو مل کر انسانی حقوق کے فروغ اور معاشرتی انصاف کے قیام کے لیے کام کرنا چاہیے۔
اس تقریب کی قیادت پیس سینٹر لاہور کے ڈائریکٹر اور پاکستان میں بین الاقوامی اعلامیہ برائے انسانی حقوق کے کنٹری ایمبیسیڈر ریورنڈفادر جیمز چنن OP نے کی۔ اس موقع پر معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی جن میں پارلیمنٹ کی رکن، پروفیسرز، سماجی کارکنان، طبی ماہرین اور گھریلو خواتین شامل تھیں۔ مقررین نے خواتین کے کردار اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خواتین معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب میں پاکستان کی معروف پاور لفٹنگ کھلاڑی بہنوں ٹِنکل سہیل، ویرونیکا سہیل اور سیبل سہیل کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ان تینوں بہنوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں گولڈ، سلور اور برانز میڈلز حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ تقریب میں انہیں“پاور گرلز”قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے کھیلوں کے میدان میں خواتین کے بارے میں موجود روایتی تصورات کو چیلنج کیا اور نئی نسل کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔
تقریب کے دوران مقررین نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ خواتین طب، تعلیم اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں، تاہم انہیں اب بھی متعدد سماجی مسائل کا سامنا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ خواتین کو تعلیم، روزگار اور قیادت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ معاشرے کی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔
شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کے حقوق محض مقامی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی انسانی حقوق کا حصہ ہیں۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے تحت منظور شدہ عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوق کے اصولوں پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ پاکستان کی ہر عورت کو وقار، مساوات اور تحفظ کے بنیادی حقوق حاصل ہو سکیں۔
اس تقریب میں مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں سونیا آشر (رکن پنجاب اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق)، رشدا لوڈی (پارلیمانی سیکریٹری محکمہ صحت، حکومت پنجاب)، شہربانو رخڑی (رکن قومی اسمبلی)، خالدہ عباس (ڈائریکٹر ویمن منسٹری، سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ)، اسما رحمان (انچارج تحفظ سینٹر لاہور) اور عظمیٰ ڈینیئل (نرسنگ ڈائریکٹر، حمید لطیف ہسپتال لاہور) شامل تھیں۔