ڈیکن آشر تنویر اور ڈیکن ثناور نوید کی کاہنانہ مخصوصیت
مورخہ 14 جون 2024 کو سینٹ جوزف کیتھیڈرل،لال کْرتی راولپنڈی میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے دستِ مبارک سے ڈیکن آشر تنویر اور ڈیکن ثناور نوید کوکاہنانہ خدمت کیلئے مخصوص کیا۔
پاک ماس کی اقدس قربانی کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے فرمائی۔ جبکہ معاونت ریورنڈ فادر آصف جان وکرِ جنرل راولپنڈی ڈایوسیس اور ریورنڈ فادر کامران تاج نے کی۔اپنے وعظ میں، فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے ڈیکن آشر تنویر اور ڈیکن ثناور نوید کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سیموئیل نبی خدا کی آواز سے اپنی ابتدائی ناواقفیت کے باوجود، آخر کار الہٰی رابطے اور رہنمائی کے لیے آلہ کار بن گیا۔ اسی طرح کہانت کا سفر خدا کی آواز کو مسلسل سننے، اْس کی مرضی کے آگے سر جھکانا اوراِس دنیا میں خداکے فضل اور رحمت کا آلہ کار بنناہے۔نیز بشپ جی نے اْس راستے پر روشنی ڈالی جس پر ایک کاہن،کہانت کا سفر جاری رکھتا ہے۔اپنے پیغام کے آخر میں بشپ صاحب نے مخصوص ہونے والے کاہنوں سے کہاکہ جس طرح یسوع نے فروتنی، رحم دلی اور خدمتِ خلق کی مثال دی، اسی طرح آپ کو بھی اْن خوبیوں کی تقلید کرنی اور دنیا میں امن، مفاہمت اور محبت کے سفیر بننا ہے۔
اس پاک رسم میں کاہنانہ برادری، سسٹر صاحبا ت، ڈیکن آشر تنویر اور ڈیکن ثناور نوید کے خاندان اور عام مومنین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔