لاہور میں بین المذاہب امن دْعا اور افطار ڈنر کا انعقاد
گزشتہ دنوں ہیومن فرینڈز آرگنائزیشن (HFO) اور آرچ ڈائیوسیس آف لاہور کے اشتراک سے سینٹ انتھونی ہائی اسکول لاہور میں بین المذاہب امن دْعا اور افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی، جس کا مقصد امن، ہم آہنگی اور بین المذاہب اتحاد کو فروغ دینا تھا۔
ا س تقریب کی صدارت آرچ ڈایوسیس آف لاہور کے وکر جنرل ریورنڈ فادر آصف سردار نے کی جبکہ پارلیمانی سیکریٹری مس سونیا آشر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ شرکاء نے ان اقدام کو مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی ایک اہم کاوش قرار دیا۔
ہیومن فرینڈز آرگنائزیشن کے صدر مسٹر ساجد کرسٹوفر نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ تقریب کی نظامت ریورنڈ فادر نقاش نے نہایت خوبصورتی سے انجام دی۔
تقریب سے خطاب کرنے والوں میں سسٹر جینوین، مولانا عاصم مخدوم، ریورنڈفادر بشارت، سیمسن سلامت،ریورنڈ فادر جیمز چنن، ڈاکٹر بدر منیر اور مفتی عاشق حسین شامل تھے۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کو اْجاگر کیا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان تعاون اور مکالمہ معاشرے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب کے اختتام پر مشترکہ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جو یکجہتی، باہمی احترام اور مختلف برادریوں کے درمیان امن و ہم آہنگی کے مشترکہ عزم کی علامت تھا۔اس تقریب نے بین المذاہب مکالمے کی اہمیت کو اْجاگر کیا نیز پاکستان میں امن، برداشت اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم کو مزید مضبوط کیا۔