ایمان کی میز پہ رکھی ہوئی روٹی
اگر آپ اس وقت زندگی کے کسی مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں تو ذرا ٹھہر جائیں، ایک گہرا سانس لیں اور یہ سچ اپنے دل میں اْتار لیں: آپ نظرانداز نہیں کیے گئے اور آپ کی آزمائش اس بات کا امتحان نہیں کہ آیا آپ محبت اور توجہ کے لائق ہیں یا نہیں۔ جو کچھ آپ اس وقت برداشت کر رہے ہیں، وہ آپ کو خُدا کی شفقت سے الگ نہیں کرتا۔ بلکہ اکثر یہی لمحات وہ ہوتے ہیں جہاں خُدا کی قربت سب سے زیادہ ذاتی اور گہری ہو جاتی ہے۔
کلامِ مقدس میں الیاس کی زندگی ہمیں ایسی ہی ایک خاموش مگر طاقتور گواہی دیتی ہے۔ قحط کے دن تھے، خوراک نایاب تھی اور مستقبل دھندلا نظر آ رہا تھا۔ خُدا نے الیاس کو ایک نالے کے کنارے بھیج دیااور وہاں اُس کی فراہمی کا انتظام کوّوں کے ذریعے کیا۔ کوّے، جو ناپاک سمجھے جاتے تھے، صبح اور شام اْس کے لیے روٹی اور گوشت لاتے تھے۔ یہ انسانی عقل کے مطابق کوئی منطقی منصوبہ نہیں تھامگر الیاس کو کسی چیز کی کمی نہ ہوئی۔
یہ واقعہ ہمیں خُدا کے باپ جیسے دل کی جھلک دکھاتا ہے۔ اُس نے کامل حالات کا انتظار نہیں کیا۔ اُس نے مضبوط نظاموں، محفوظ راستوں یا انسانی ترتیبوں پر انحصار نہیں کیا۔ اُس نے ایسا طریقہ اختیار کیا جو ہماری سوچ سے کہیں بلند تھا۔ فراہمی اس لیے نہیں آئی کہ الیاس نے اْسے کمایا تھابلکہ اس لیے کہ خُدا اپنے وعدوں میں وفادار اور اپنے بچوں کے لیے پوری طرح متوجہ ہے۔
آج اگر آپ جدوجہد میں ہیں تو شاید آپ بھی یہی سوچ رہے ہوں کہ یہ ایسے نہیں ہونا چاہیے تھا۔شاید مدد اُس جگہ سے نہیں آئی جہاں سے آپ نے اْمید باندھی تھی۔ ہو سکتا ہے کہ وقت ٹھیک نہ چل رہا ہو،شاید ذریعہ عجیب یا ناگوار لگ رہا ہو۔ مگر کوّوں کی کہانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ خُدا ہماری توقعات اور ہمارے لیبلز کا پابند نہیں۔ اُس کی فراہمی ہماری منطق کی نہیں، بلکہ اُس کی حاکمیت کی گواہی دیتی ہے۔یسوع مسیح میں یہ سچائی اور بھی واضح ہو جاتی ہے۔ صلیب پر خُدا نے ہمیشہ کے لیے یہ ثابت کر دیا کہ وہ اپنے بچوں سے پیچھے نہیں ہٹتا۔ جس نے اپنے ہی بیٹے کو نہ بخشا، وہ آپ کی دیکھ بھال سے کیسے رُک سکتا ہے؟ یسوع کا مکمل کیا ہوا کام اس بات کی ضمانت ہے کہ آپ الٰہی ہچکچاہٹ کے سہارے نہیں، بلکہ ایک طے شدہ”ہاں“کے تحت زندگی گزار رہے ہیں۔ باپ کا دل آپ کی طرف مایوسی یا دوری نہیں، بلکہ توجہ، رحم اور عہد سے بھرا ہوا ہے۔
ممکن ہے آج آپ کو پوری تصویر دکھائی نہ دے۔ الیاس کو بھی نہیں دکھائی دیتی تھی۔ وہ ہر صبح صرف اسی دن کی فراہمی کے ساتھ جاگتا تھااور وہی کافی ہوتی تھی۔ اکثر خُدا ہمیں بھی اسی طرح ملتا ہے: وضاحتوں کے ساتھ نہیں، بلکہ روزی کے ساتھ۔ مستقبل کے تمام جوابات کے ساتھ نہیں، بلکہ حال کی وفاداری کے ساتھ۔
اس لئے اگر آپ تھکے ہوئے ہیں، تو اس کہانی کو اپنے خوف پر غالب آنے دیں۔ کیونکہ خُدا جانتا ہے کہ آپ کہاں ہیں۔ وہ جانتا ہے کہ آپ کو کیا چاہیے اور وہ آپ تک اپنی فراہمی پہنچانے میں کبھی بے بس نہیں ہوتا۔ وہ آج بھی ایسے طریقوں سے کام کر رہا ہے جنہیں آپ ابھی پہچان نہیں سکے۔ یاد رکھیئے وہی باپ جس نے الیاس کو کوّوں کے ذریعے کھلایا،وہ آپ کو بھی کبھی بے یارہ مددگار نہیں چھوڑے گا۔