ایک وفادار اور ذمہ دارچرواہا ہونا خدا کی طرف سے بلاہٹ اور فضل ہے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت

فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے روم میں پاپائے اعظم لیو چہاردہم سے پالئیم (Pallium) وصول کی
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے روم میں پاپائے اعظم لیو چہاردہم سے پالئیم (Pallium) وصول کی

 مورخہ29 جون 2026 کو آرچ ڈایوسیس آف لاہور کے فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے روم میں پاپائے اعظم لیو چہاردہم سے پالئیم (Pallium) وصول کیا اور اپنے خیالات کا  اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایک وفادار اور ذمہ دارچرواہا بننے کے لیے بلایا گیا ہے۔ یہ ایک بلاہٹ اور خدا کا فضل ہے
یاد رہے کہ پالئیم ایک باریک اونی پٹی ہے جو قدیم کلیسیائی روایت اور گہری روحانی علامت کی حامل ہے۔ نویں صدی سے میٹروپولیٹن آرچ بشپ اسے پہنتے آ رہے ہیں۔ یہ اْس چرواہے کی علامت ہے جو اپنے کندھوں پر برّہ اٹھائے ہوئے ہوتا ہے، اور بشپ کی بطور چرواہا کلیسیا کی خدمت، نگہبانی اور رہنمائی کی ذمہ داری کی نمائندگی کرتا ہے۔
ہر سال 29 جون کو مقدسین پطرس رسول اور پولوس رسول کے عید کے موقع پر دنیا بھر سے نئے مقرر ہونے والے میٹروپولیٹن آرچ بشپ صاحبان ویٹی کن میں پاپائے اعظم  کے سامنے دو زانو ہوتے ہیں، جہاں پوپ ان کے کندھوں پر پالئیم رکھتے ہیں۔ یہ نہایت مقدس لمحہ ہے، جو کلیسیا کے ساتھ اتحاد، خدمت اور مشن کے عزم کی علامت ہے۔
ریورنڈ فادر آصف سردار(وکر جنرل۔ آرچ ڈایوسیس آف لاہور)نے کہاکہ پالئیم پاپائے اعظم کے ساتھ کلیسیائی اتحاد اور ہماری آرچ ڈایوسیس کی بھیڑوں کی گلہ بانی کے لیے عطا کیے گئے روحانی اختیار کی ایک خوبصورت علامت ہے۔ ہم دْعا کرتے ہیں کہ یہ مقدس نشان فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت،  کو مزید قوت، حکمت اور فضل عطا کرے تاکہ وہ ایمان، اتحاد اور محبت کے ساتھ ہماری رہنمائی کرتے رہیں۔