فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کی قیادت میں عالمی یومِ سفید چھڑی اور عننیاہ ری ہیبلیٹیشن سنٹر کی 28ویں سالگرہ کی تقریب
مورخہ19 اکتوبر2026کو کاریتاس پاکستان لاہور کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ سفید چھڑی اور عننیاہ ری ہیبلیٹیشن سنٹرکی 28ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے فرمائی۔اس تقریب میں 60 سے زائد افراد نے شرکت کی، جن میں مذہبی رہنما، سماجی نمائندگان، معاونین اور بصارت سے محروم مسیحی طالبات شامل تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے طالبات کی صلاحیتوں اور خودمختاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسانی زندگی قدر و منزلت اور ایک خاص مقصد رکھتی ہے۔ انہوں نے طالبات کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھنے اور ایمان و حوصلے کے ساتھ مستقبل کی جانب بڑھنے کی ترغیب دی۔
آرچ ڈایوسیس آف لاہور کے وِکر جنرل ریورنڈ فادر آصف سردار نے بصارت سے محروم افراد کے لیے مساوی تعلیمی مواقع، بحالی کی سہولیات اور معاشرتی زندگی میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ مناسب تربیت، مسلسل تعاون اور سازگار ماحول کے ذریعے بصارت سے محروم افراد کو خوداعتمادی اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزارنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
اس مرکز کی انچارج محترمہ خالدہ نے ادارے کے قیام، خدمات اور نمایاں کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ کاریتاس پاکستان لاہور کے ہیڈ آف پروگرامز ریورنڈ فادر شفاقت جان نے مرکز کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں معاونت کرنے والے عملے اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ کاریتاس پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر امجد گلزار نے بھی طالبات کی صلاحیتوں، عزم اور حوصلے کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب میں ثقافتی پروگرام اور طالبات کے پیش کردہ مختصر ڈرامے نے شرکا کی توجہ حاصل کی۔ سنٹرکی 28 سالہ خدمات کی یاد میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
