کاہنانہ خدمت کی بنیاد پاشکائی بھید ہے۔فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت

فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت

مورخہ 11اگست 2026کوسیکرڈہارٹ کیتھیڈرل لاہور میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اپنے دستِ مبارک سے سات سماشوں کو کاہنانہ خدمت کے لیے مخصوص کیا۔ان  نو مخصوص کاہنوں میں ڈیکن اینڈریو جاوید، ڈیکن اندریاس عاموس، ڈیکن ارسلان اسلم، ڈیکن عرفان جیمز، ڈیکن فیصل شمون، ڈیکن محسن انتھونی اور ڈیکن شفاقت جان شامل تھے۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے پاک ماس کی اقدس قربانی کی قیادت فرمائی۔دورانِ وعظ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے سب سے پہلے نو مخصوص کاہنوں کے والدین کو مبارک باد پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے بیٹوں کی پرورش ایمان کی روشنی میں کی، انہیں خدا ترسی کے ساتھ زندگی گزارنا، سچائی سے محبت کرنا اور ہر حال میں شکرگزاری کا جذبہ اپنانا سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی کاہنانہ زندگی کے پیچھے آپکے والدین کی دعاؤں، تربیت اور قربانیوں کا بھی اہم کردار ہے۔ بشپ جی نے تمام اساتذہ اور روحانی رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دورانِ تربیت وفاداری کے ساتھ ان کی رہنمائی کی اور انہیں خدا کی خدمت کے لیے تیار کیا۔
نو مخصوص کاہنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے آرچ بشپ خالد رحمت نے کہا کہ آپ کی خدمت خداوند سے شروع ہوتی ہے، اسی میں قوت پاتی ہے اور اسی میں اپنی تکمیل کو پہنچتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاہنانہ خدمت کی بنیاد پاشکائی بھید ہے، کیونکہ کاہن کی پوری زندگی مسیح کی موت اور قیامت میں شریک ہونے اور اسی کے ذریعے خدا کے لوگوں کی خدمت کرنے سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاہن بننا شاید آپ کی خواہش ہو سکتی ہے، لیکن آپ کا انتخاب اور چناؤ خدا کی طرف سے ہے۔ یہ خدا کی مرضی ہے کہ اس نے آپ کو اپنی خدمت کے لیے منتخب کیا اور اپنی کلیسیا میں ایک خاص ذمہ داری کے لیے بلایا۔
 بشپ جی نے پوپ فرانسس کی دستاویزm Evangelii Gaudiu کا حوالہ دیتے ہوئے نئے کاہنوں کو یاد دلایا کہ ایک ایسی کلیسیائی برادری جو انجیل کی منادی کرتی ہے، لوگوں کی روزمرہ زندگی میں اپنے قول اور عمل کے ذریعے شریک ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاہنوں کی خدمت صرف کلیسیا کی چار دیواری تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں لوگوں کے دکھ، خوشی، مشکلات، اْمیدوں اور روزمرہ زندگی کے تجربات میں ان کے ساتھ موجود رہنا ہے۔انہوں نے پوپ فرانسس کی دستاویز  Fratelli Tutti کے ایک اور اہم تصور کی طرف بھی توجہ دلائی کہ کلیسیا کھلے دروازوں والا گھر ہے، کیونکہ وہ ایک ماں ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے نومخصوص کاہنوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی کلیسیائی برادریوں کو ایسا گھر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں جہاں ہر شخص کو محبت، احترام، قبولیت اور امید ملے۔انہوں نے نومقرر کاہنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی خدمت میں مسیح کو مرکز بنائیں، لوگوں کے درمیان رہیں، ان کی بات سنیں اور اپنے قول و فعل کے ذریعے انجیل کی گواہی دیں۔ انہوں نے کہا کہ کاہنانہ زندگی خدا اور اس کے لوگوں کی بے لوث خدمت، وفاداری، قربانی اور محبت کا راستہ ہے۔

  کاہنانہ خدمت کی بنیاد پاشکائی بھید ہے
کاہنانہ خدمت کی بنیاد پاشکائی بھید ہے

کاہنانہ تقرری کے دوران نومخصوص کاہنوں نے اپنی تابعداری اور وفاداری کا اظہار کیا، آرچ بشپ اور دیگر کاہنوں نے ان پر ہاتھ رکھ کر دعا کی، انہیں کاہنانہ لباس پہنایا گیا اور ان کے ہاتھوں کو پاک تیل سے مسح کیا گیا۔یہ تمام رسومات اس بات کی علامت ہیں کہ نومخصوص کاہن پاک  روح کے فضل سے مسیح کی خدمت، کلیسیا کے فرائض اور خدا کے لوگوں کی روحانی آبیاری اور بیداری کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔عبادت میں نومخصوص کاہنوں کے خاندان، کاہن صاحبان، سسٹر صاحبات سمیت مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

Urdu Survey Popup