سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈ رل لاہورمیں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کی رسمِ تنصیب
مورخہ 28 مارچ 2026 کو سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل لاہورمیں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کی رسمِ تنصیب نہایت وقار اور روحانیت کے ساتھ ادا کی گئی۔فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کی رسمِ تنصیب کی قیادت پاکستان میں پاپائی سفیر فضیلت مآب جرمانوپینے موتے نے فرمائی۔ جبکہ پاک ماس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے فرمائی۔، عبادت میں فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس اور پاکستان کے تمام ڈایوسیس کے بشپ صاحبان عزت مآب بشپ سیمسن شکردین، فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد،،عزت مآب بشپ اندریاس رحمت اور عزت مآب بشپ یوسف سوہن، کاہن صاحبان،سسٹر صاحبات،مناد صاحبان اور مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
فوقیت مآب کارڈینل جوز ف کوٹس نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج اس تاریخی کیتھیڈرل میں آپ سب کے درمیان موجود ہونا میرے لیے بہت خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔آج سے عبادت میں بیٹھے ہوئے 73 سال پہلے کا واقت یاد کر رہا تھا جب اسی کیتھیڈرل میں پہلی پاک شراکت اور استحکام کا ساکرامنٹ حاصل کیا۔ میں ماضی کا سوچ رہا تھا لیکن آپ نے مستقبل کا سوچنا ہے۔کارڈینل جوز ف کوٹس نے بشپ خالد رحمت کی خدمات پر فخر محسوس کرتے ہوئے کہا کہ بیشک آپ نے کوئٹہ میں بحیثیت بشپ شاندار خدمات انجام دی ہیں،جسے آپ مُڑ کر فخر کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں لیکن اب خدا نے آپ کو لاہور کی قدیم اور تاریخی ڈایوسیس کا نئے مشن کی ذمہ داری سونپی ہے، جو پاکستان کی کئی ڈایوسیز کی ماں کہلاتی ہے۔کارڈینل نے لاہور ڈایوسیس کے پہلے مقامی بشپ ارمانڈو ٹرینیڈاڈ کے الفاظ کو یا د کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور کو پاکستانی مسیحیت کا مرکز (Hub) کہا کرتے تھے۔ لاہور کو ہمیشہ پاکستان کا دل کہا جاتا ہے۔انہوں نے اپنی دعاؤں کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ خدا آپکو عقابوں کے پروں پر اُٹھائے اور آپ کی حفاظت کرے، خداوند ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے اور ہمیں اپنے مشن میں رہنمائی فراہم کرے گا۔
اس موقع پر پاکستان میں پاپائی سفیر، فضیلت مآب جرمانو پینے موتے نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں پاپائے اعظم لیو کی جانب سے آپ سب کو اور فضیلت مآب آرچ بشپ خالدرحمت کو محبت اور مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آج ایک نیا باب شروع ہوتا ہے۔ لاہور کے آرچ بشپ کی تقرری ہم سب کے لیے واضح پیغام ہے کہ ہمیں اتحاد کے اصولوں کو اپناناہے انہوں نے کہا کہ پاپائے اعظم دعا کرتے ہیں کہ ہمارا تعاون تقسیم کے بجائے محبت کی وسعت کا باعث بنے اور ہم سب ایک روح میں متحد ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پوپ لیو نے اس یکجہتی کو کلیسیا کی زندگی کے لیے لازمی قرار دیا ہے، یعنی سننا، سمجھنا اور مل کر کام کرنا اور اس رویا کو اکیلے نہیں بلکہ ایک ساتھ مل کر پورا کرنا ہے۔ یہ مقدس موقع اتفاقاً نہیں بلکہ روح القدس کی رہنمائی میں ہے۔ لاہور کی کلیسیا کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس لمحے کو حقیقی روحانی تجدید کے طور پر تجربہ کرے، آخرمیں انہوں نے کہا کہ جی اْٹھا مسیح آج بھی اپنی جماعت کے درمیان کھڑا ہے، اور ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنے دلوں کو صاف رکھیں اور انجیل کے جذبے کے ساتھ زندگی گزاریں۔
ریورنڈ فادر الماس جان نے تعارفی کلمات میں بیان کیا کہ آج ہم سب نہایت خوشی، شکرگزاری اور روحانی مسرت کے ساتھ اس مقدس عبادت میں جمع ہیں۔ ایپسکوپل انسٹالیشن ماس کلیسیا کی زندگی کا ایک عظیم لمحہ ہے، جس میں ایک نئے بشپ کو خدمت، قیادت اور روحانی رہنمائی کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس مقدس موقع پر ہم خداوند کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اُس نے اپنی کلیسیا کے لیے ایک نئے چرواہے کا انتخاب کیا، جو ہمیں سچائی، خدمت اور قربانی کے راستے پر لے کر چلے گا۔
جس کے بعد فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراو س نے کہا آج اس نہایت بابرکت موقع پر میرا دل شکرگزاری اور مسرت سے معمور ہے کہ میں ہمارے نئے بشپ کو کلیسیا کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہوں۔ یہ لمحہ صرف ایک ذمہ داری کی منتقلی نہیں بلکہ خداوند کے منصوبے میں ایک نئے باب کا آغاز ہے، جہاں خدمت، محبت اور رہنمائی کا سفر نئے جوش اور ایمان کے ساتھ آگے بڑھے گا۔
میں نہایت اطمینان اور اعتماد کے ساتھ اپنی سپرد کردہ ذمہ داریاں بشپ خالد رحمت کے حوالے کرتا ہوں، اور خداوند کے حضور دعاگو ہوں کہ وہ انہیں اپنی حکمت، فضل اور روح القدس کی رہنمائی سے معمور کرے تاکہ وہ اس گلّہ کی وفاداری، عاجزی اور محبت کے ساتھ نگہبانی کر سکیں۔ میری دلی تمنائیں اور دعائیں ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں کہ ان کی خدمت کلیسیا کے لیے برکت اور ترقی کا باعث بنے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں لاہور آرچ ڈایوسیس کے تمام کاہن صاحبان،سسٹر صاحبات،چرچ خادمین،مناد صاحبان اورمومنین کا بھی تہہِ دل سے شکر گزار ہوں، جنہوں نے میرے دورِ خدمت میں ہمیشہ میرا ساتھ دیا، اپنی دعاؤں، محبت اور قربانیوں کے ذریعے کلیسیا کو مضبوط بنایا۔ آپ سب کی رفاقت اور تعاون میرے لیے ایک قیمتی خزانہ رہا ہے، جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ جس کے بعد فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراو س نے پاپائے اعظم لیو کی جانب سے بھیجا گیا رسولی فرمان ریورنڈ فادر آصف سردار،وکر جنرل،آرچ ڈایوسیس آف لاہور کے سپرد کیا۔جنہوں نے اسے بشپ صاحبان، کاہنوں اورمومنین کو دکھایا۔ اس رسولی فرمان کو پاپائی سفیر فضیلت مآب جرمانو پینے موتے نے انگریزی میں اور ریورنڈ فادر آصف سردار نے اْردو میں بھی پڑھا تاکہ تمام حاضرین اس کی اہمیت اور روحانیت کو بخوبی سمجھ سکیں۔
رسمِ تنصیب کے بعد فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے وفاداری کا حلف اٹھایا۔ اس کے بعد انہیں عصا (Crozier) پیش کیا گیا جو ان کے پاسبانی اختیار، رہنمائی اور کلیسیا کے ایمان کی حفاظت کی ذمہ داری کی نشانی ہے، اور انہیں باقاعدہ طور پرمسندِ کیتھیڈرل یعنی”بشپ کی کرسی“ پر بٹھایا گیا، جو قیادت کی ذمہ داری سنبھالنے کی علامت ہے۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے وعظ میں کہا کہ میری تقرری کی یہ خبر کہ مجھے لاہور آرچ ڈایوسیس کا آرچ بشپ مقرر کیا گیا ہے یقیناً ایک حیران کن لمحہ تھا، اور اگر آپ کے لیے مجھے یہاں دیکھنا حیرانی کا باعث ہے تو میں اعتراف کرتا ہوں کہ میں خود اس احساس کو اس سے بھی زیادہ گہرائی سے محسوس کرتا ہوں۔ جیسا کہ پوپ فرانسس ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ خدا بلاتا ہے، اور محبت کرتا ہے، اور جب ہم مسیح میں اس محبت کا تجربہ کرتے ہیں تو سب کچھ نئے سرے سے شروع ہو جاتا ہے اور ہمارے دل خدمت کے لیے ڈھل جاتے ہیں۔پاسبانی خدمت پر غور کرتے ہوئے مجھے مقدس آسکر رومیرو کے الفاظ یاد آتے ہیں کہ بشپ کوئی مینیجر یا محض عہدیدار نہیں بلکہ خدا کاخادم، چرواہا، بھائی اور ایسا ساتھی ہے جو لوگوں کے ساتھ چلتا ہے اور ایمان کی روشنی میں وقت نشانات کو سمجھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حزقیال نبی کے ذریعے خدا اپنے منتشر لوگوں کو بلاتا ہے کہ وہ اس کی طرف لوٹ آئیں اور ایک ہو جائیں، کیونکہ خدا کا دل اپنے لوگوں کو جمع کرتا اور انہیں ایک قوم بنانا ہے۔ ہماری دنیا، ہمارا معاشرہ، ہمارے خاندان اور کبھی کبھی خود کلیسیا بھی تقسیم کا شکار ہو جاتی ہے، مگر خدا کا خواب ہمیشہ اتحاد ہے، اور اسی لیے بطور آپ کے آرچ بشپ میں اپنی پہلی ذمہ داری یہی سمجھتا ہوں کہ میں آپ پر حکمرانی نہ کروں بلکہ اتحاد کی خدمت کروں، امیر و غریب، جوان و بزرگ اور مختلف ثقافتوں کے لوگوں کو متحد کروں، کیونکہ کلیسیا ہماری نہیں بلکہ مسیح کی ہے جو ہمیں ایک کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا آج کی انجیل ہمیں سکھاتی ہے کہ انسانی کمزوریاں، حسد اور ذاتی مفاد یسوع کے خلاف کھڑے ہوتے ہیں مگر اسی تاریکی میں خدا کا منصوبہ چمکتا ہے، اور مسیح کا بھید یہی ہے کہ وہ قربانی کے ذریعے ہمیں متحد کرتا ہے، ہمیں بچاتا ہے۔اسی لیے میری خدمت بھی طاقت کے لیے نہیں بلکہ خدمت کے لیے ہے، خدمت کروانے کے لیے نہیں بلکہ خدمت کرنے کے لیے، صلیب سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ محبت سے اسے اٹھانے کے لیے ہے۔ کیونکہ کلیسیا میں قیادت ہمیشہ قربانی سے جڑی ہوئی ہے۔ اس مقدس لمحہ میں میں اپنے روحانی اساتذہ اور راہنماوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وفادار خدمت، مہربانی اور محبت نے ایک مضبوط بنیاد رکھی ہے۔میں صفر سے آغاز نہیں کر رہابلکہ ایمان کی ایک زندہ روایت کو آگے بڑھانے کے لئے بلایا گیا ہوں۔ ایک کیپوچن ہونے کے ناطے میں اس بات سے آگاہ ہوں کہ اس آرچ ڈایوسیس کو مشنری بشپ صاحبان نے تشکیل دیا جنہوں نے مشکلات برداشت کیں، نئی ثقافتیں سیکھیں، لوگوں کے قریب رہے، سادگی سے خوشخبری سنائی، نوجوانوں کو تعلیم دی اور غریبوں کے ساتھ کھڑے رہے، اور انہوں نے ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک زندہ کلیسیا تعمیر کی۔ کیپوچن جماعت نے میرے دل کی تشکیل اور شخصیت کی تعمیر و تربیت سادگی، حلیمی اور خدمت جیسی اقدار میں کی ہے۔ اختیار میں فروتنی اپنائیں اور غریبوں اور مظلوموں کے قریب رہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ خدا وعدہ کرتا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ رہے گا اور ہم اس کے لوگ ہوں گے، اور کلیسیا کا مقصد یہی ہے کہ وہ اس وعدے کو اپنی خدمت اور باہمی محبت کے ذریعے ظاہر کرے تاکہ یہ جگہ خدا کے تجربے کا مرکز، غریبوں کے لیے پناہ گاہ اور اندھیروں میں روشنی بن جائے۔
روح القدس ہمیں تقسیم سے اتحاد کی طرف بلاتا ہے اورپاک یوخرست ہمیں ایک بناتاہے جیسے بہت سے دانے مل کر ایک روٹی بن جاتے ہیں۔ آج میں آپ کے سامنے اس خوشی اور عاجزی کے ساتھ کھڑا ہوں کہ میں اس آرچ ڈایوسیس کی خدمت کروں، جو میرے لیے نئی جگہ نہیں بلکہ میرا اپنا گھر ہے، کیونکہ آپ کے ایمان نے میری بلاہٹ کو تشکیل دیا اور میں کسی حد تک آپ ہی کی وجہ سے یہاں ہوں۔ میں مقدس فرانسس آف اسیسی کی روح میں سادگی، عاجزی اور محبت کے ساتھ خدمت کرنا چاہتا ہوں، اور میں اکیلا نہیں آیا کیونکہ بشپ اپنی ذمہ داری اکیلے نہیں اٹھاتا بلکہ ہم سب اس مشن میں شریک ہیں۔ یہ ایک بڑی خدا کی دی ہوئی ذمہ داری ہے جسے ہم مل کر ہی پورا کر سکتے ہیں، اس لیے میں آپ کی دعاؤں، حکمت اور تعاون پر انحصار کرتا ہوں تاکہ ہم سب مل کر خدا کی مرضی کو پہچانیں اور مسیح میں ایک خاندان کی طرح آگے بڑھیں۔ ہمارا مشن ہمارے سامنے ہے اور ہم امید کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں کیونکہ خدا ہمارے ساتھ ہے، اور ہم دعا کرتے ہیں کہ مقدسہ ماں مریم، کلیسیا کی ماں، ہماری رہنمائی کرے، ہماری حفاظت کرے اور ہمیشہ ہمارے ساتھ چلے۔ آخر میں انہوں نے ریورنڈ فادر اعجاز بشیر، کسٹس مریم صدیقہ جنرل کسٹڈی پاکستان اور ریورنڈ فادر آصف سردار، وکر جنرل، تمام کاہنانہ برادری، سسٹر صاحبات، مبشرانِ انجیل اور مومنین کا ساری محبت اور عبادت کی تیاری کے لئے شکریہ ادا کیا۔
عزت مآب بشپ سیمسن شکر دین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اْسقفی چناو انسانوں کی جانب سے نہیں بلکہ روح القدس کی جانب سے ہوتا ہے اور روح القدس ہی بشپ اور کلیسیا کی رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ بشپ خالد رحمت ایک نوجوان اور پرجوش بشپ کے طور پر اس مشن کو سنبھال رہے ہیں۔ وہ نہ صرف ہماری کلیسیا کی رہنمائی کا روشن ستارہ ہیں بلکہ ایک مضبوط قلعے کی مانند ہیں۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے کہا کہ آج میں اس تاریخی کیتھیڈرل آف دی سیکرڈ ہارٹ آف جیزس میں عاجز اور شکرگزار دل کے ساتھ آپ سب کے سامنے کھڑا ہوں۔ ۱۔پطرس 5: 6 آیت میرے دل میں گہرا اثر ڈالتی ہے:”پس تم خدا کے دستِ قادرکے نیچے فروتن رہو تاکہ وہ وقت پر سر بلند کرے۔“یہ خدا کی عنایت اور حکمت ہے کہ مجھے اس مقدس مشن کے لیے مقرر کیا گیا۔ سب سے پہلے، میں سب کچھ خدا کے فضل اور اس کی رہنمائی کی بدولت مانتا ہوں اور اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اُس نے مجھے لاہور آرچ ڈایوسیس کی گلہ بانی کی ذمہ داری سونپی۔ میں اپنے مشن کو عاجزی کے ساتھ قبول کرتا ہوں اور عالمگیر کلیسیا اورپاپائے اعظم کے ساتھ وفاداری کا وعدہ کرتا ہوں۔
آخر میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے پاکستان میں پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے، فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس، تمام بشپ صاحبان،کاہن صاحبان،سسٹرصاحبات، مناد صاحبان، کیپوچن برادری تمام مومنین،خاندان اورمرحوم والدین، کا دل کی گہرائیوں سے شکر یہ ادا کیا۔
انہوں نے تمام منتظمین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں،۔مختلف مذہبی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی بھائی چارے، مکالمے، امن اور ہم آہنگی کی علامت قرار دیا اور کہا کہ عاجزی کے ساتھ آپ سب سے تعاون کی درخواست کرتا ہوں۔ آئیے ہم سب ایک خدا کے خاندان کے طور پر ایمان میں متحد، امید میں مضبوط اور محبت کے جذبے میں پرعزم ہو کر چلیں، تاکہ لاہور آرچ ڈایوسیس واقعی مسیح کی موجودگی کی علامت بن سکے۔
عبادت کے ختتام پر پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے،فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس اورتمام بشپ صاحبان نے فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کے تنصیبی خط پر دستخط کیے۔