پوپ لیو چہاردہم کو مقدسہ ایگنس کی عید پر دو بھیڑیں پیش کی گئیں۔

مورخہ 21جنوری 2026کو ویٹیکن کے اربن ہشتم چیپل روم میں رومن کیتھولک چرچ کی ایک قدیم روایت کے مطابق پوپ لیو چہاردہم کو مقدسہ ایگنس (St. Agnes) کی عید کے موقع پر دو ننھی بھیڑیں (Lambs) پیش کی گئیں۔ 
روایت کے مطابق بعد ازاں ان بھیڑوں کو شمالی روم میں واقع باسیلیکا آف سینٹ ایگنس آؤٹ سائیڈ دی والز (St. Agnes Outside the Walls)میں برکت دی جائے گی، جہاں چوتھی صدی کی کم عمر شہیدہ مقدسہ ایگنس کی قبر موجود ہے۔
کلیسیا کی روایت کے مطابق ان بھیڑوں کی اْون سے نئے میٹروپولیٹن آرچ بشپ کے لیے پالیئم (Pallium)تیار کیے جاتے ہیں۔ پالیئم ایک مذہبی علامت اور اعزاز ہے جو پوپ اور میٹروپولیٹن آرچ بشپ اپنے گرجا گھروں میں پہنتے ہیں۔ یہ سفید اْون کی ایک باریک پٹی ہوتی ہے جس پر سیاہ ریشمی کپڑے کی چھ صلیبیں بنی ہوتی ہیں۔
کلیسیا کے مطابق پالیئم کی برکت اور اْسے پہنائے جانے کی رسم پوپ ہر سال29 جون کو مقدس پطرس اور پولوس کی عید کے موقع پر ادا کرتے ہیں۔تاریخی طور پر مقدسہ ایگنس کی عید کے دن دو بھیڑوں کو برکت دینے کی روایت کا پہلا ذکر چھٹی صدی سے ملتا ہے۔ یہ روایت مقدسہ ایگنس کی زندگی سے منسوب قدیم حکایت سے بھی جڑی ہے، جس کے مطابق وہ وفات کے بعد اپنے والدین پر ظاہر ہوئیں تو وہ انہیں پاکیزہ برّے کے ساتھ، کنواریوں کے ایک گروہ میں کھڑے دیکھ رہے تھے۔
تاریخی ریکارڈ کے مطابق ایک زمانے میں یہ دو بھیڑیں باسیلیکا آف سینٹ ایگنس آؤٹ سائیڈ دی والز کے راہبوں کی جانب سے سینٹ جان لیٹرن باسیلیکاکو ادا کیا جانے والا”کرایہ“بھی سمجھے جاتے تھے اور لیٹرن کے منتظمین یہ برّے پوپ کے پاس برکت کے لیے پیش کرتے تھے۔
کئی صدیوں تک جنوبی روم میں واقع ایبی آف دی تھری فاؤنٹنز (Abbey of the Three Fountains) کے ٹراپسٹ راہبوں کے فارم سے بھیڑیں لائی جاتیں رہی، جنہیں مقدسہ ایگنس کے باسیلیکا سے براہِ راست پوپ کے پاس برکت کے لیے پہنچایا جاتا تھا۔ بعد ازاں انہیں ٹریسٹویری (Trastevere) میں واقع باسیلیکا آف سینٹ سیسیلیا (St. Cecilia) کی بینیڈکٹائن راہبات کے پاس بھیجا جاتا، جو پاک ہفتہ کے دوران اْن کی اْون اْتارتیں تاکہ اسی اْون سے نئے آرچ بشپس کے لیے پالیئم تیار کیے جا سکیں۔
حالیہ برسوں میں اس روایت کے کچھ پہلو تبدیل ہوئے ہیں کیونکہ ٹراپسٹ راہب اب بھیڑوں کا فارم برقرار نہیں رکھتے اور پوپ بھی اب ویٹیکن میں بھیڑوں کو براہِ راست برکت نہیں دیتے۔ تاہم، روایت کے مطابق بینیڈکٹائن راہبات اب بھی ان بھیڑوں کی اْون اْتار کر نئے پالیئم تیار کرتی ہیں۔