جنگ زدہ دنیا میں امن کا خمیر بنیں۔پوپ لیو چہاردہم

مورخہ 7اکتوبر2025کو،پوپ لیوچہاردہم نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جوبلی کیلئے جمع ہونے والے تقریباً 10,000کرویشا(Croatia)کے زائرین کوخوش آمدید کہا۔تمام زائرین جو جوبلی سال کے موقع پر زیارت کیلئے روم آئے اْن سے خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہاکہ اتنے زیادہ زائرین کی موجودگی کرویشا(Croatia)کے لوگوں کے ”زندہ ایمان کی واضح علامت“ ہے، جو صدیوں سے کلیسیا کے ساتھ میل جول میں ثابت قدم اور مقدس پطرس رسول کے جانشین کے وفادار رہے ہیں“۔
انہوں نے کرویشا(Croatia) کے مومنین کو ایسے لوگوں کے طور پر بیان کیا جن کی مسیحی بنیادوں میں گہری جڑیں ہیں، جو مسیح اور اُس کی کلیسیا کے لیے اپنی محبت کی گواہی دیتے رہتے ہیں۔ اگرچہ اب بہت سے لوگ دنیا کے مختلف حصوں میں کام، مطالعہ یا دیگر ضروریات کی وجہ سے اپنے وطن سے چلے جاتے ہیں۔انہوں نے زائرین کو ہر حال میں اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کی ترغیب دی۔
پوپ لیو نے کہاکہ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمیشہ اپنی نگاہیں یسوع، اچھے چرواہے پر جمائے رکھیں، جو آپ کی رہنمائی کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہرگز نہ بھولیں کہ ایمان اْس وقت بڑھتا اور مضبوط ہوتا ہے جب اْسے بانٹاجاتا ہے۔ اس لئے، میں آپ کو اپنے بچوں اور نئی نسلوں تک یہی ایمان خوشی کے ساتھ منتقل کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔اپنے پیغام کے آخر میں، پوپ لیو نے تمام حاضرین کو برکت دی اور انھیں مقدسہ مریم کے سپرد کرتے ہوئے کہا کہ مقدسہ مریم ہمیشہ اْن کی حفاظت کرے۔