مبشرانِ انجیل زندگی بھر ہمارے ایمانی سفر میں ساتھ ہوتے ہیں۔پوپ لیو چہاردہم

مورخہ 28ستمبر2025کو سینٹ پیٹرز اسکوائر میں مبشران ِانجیل کی جوبلی منائی گئی اور دورانِ پاک ماس پوپ لیو نے مبشرانِ انجیل کی تعریف کی اور تمام مسیحیوں کو دعوت دی کہ وہ ایک دوسرے کوایمان، اْمید اور محبت سیکھنے میں مدد کریں۔اپنے وعظ کے دوران انہوں نے اْس دن مقدس لوقا کی انجیل کی تمثیل پر بات کی جس میں امیر آدمی اور لعزر کی کہانی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ وہی انجیل تھی جسے 2016 میں رحم کے مقدس سال میں مبشران ِانجیل کی جوبلی کے دوران پڑھا گیا تھا۔
پوپ لیو نے بتایا کہ انجیلِ مقدس کے اس حوالے میں یسوع ہمیں دکھاتا ہے کہ خدا دنیا کو کس طرح دیکھتا ہے۔ ایک آدمی جس کے زخم کتے چاٹتے ہیں اور وہ مر رہا ہے جبکہ دوسرا آدمی دروازے کے بالکل دوسری طرف خوبصورت لباس میں خود کو گھور رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی خوشحالی کی دہلیز پر جنگ اور استحصال سے تباہ ہونے والے تمام لوگوں کا دْکھ کھڑا ہے۔ایسا لگتا ہے صدیوں بعد بھی کچھ نہیں بدلا ہے۔یہاں تک کہ بہت سے لعزر مر جاتے جب کہ امیرانھیں اپنی آنکھوں کے سامنے نظر انداز کرتے ہیں۔ انجیلِ مقدس ہمیں یقین دلاتی ہے کہ خُدا دونوں کے ساتھ انصاف کرے گا، غریب آدمی کی تکالیف اور امیر آدمی کی خوشی کو ختم کرے گا۔ 
پوپ لیو نے کہا کہ ہمیں مبشرانِ انجیل کی گواہی کے ذریعے ایمان لانا سکھایا گیا ہے۔کیونکہ وہ ہمارے ایمانی سفر میں زندگی بھر ہمارے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔
اپنے پیغا م کے آخر میں پوپ لیونے مبشرانِ انجیل کو ایمان میں مضبوط ہونے کی دعوت دی تاکہ وہ ایمانی سفر میں دوسروں کی مدد کر سکیں۔