بیت الحم کا بچہ یسوع دنیا کو لامحدود اْمید اور خوشی دیتاہے۔ پوپ فرانسس
مورخہ 24دسمبر 2024کوکرسمس کی شبِ بیداری کی دعائیہ تقریب کے آغاز پر پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز بسیلیکا کا مقدس دروازہ کھول کر جوبلی آف ہوپ 2025کا افتتاح کیا اورکہا کہ بیت الحم کا بچہ یسوع دنیا کو لامحدود اْمید اور خوشی دیتاہے۔یہ مقدس دروازہ پورا سال کھلا رہے گا تاکہ روم جانے کے لیے متوقع کروڑوں زائرین وہاں سے گزر سکیں۔ زائرین کے لیے یہ ہم آہنگی،روحانی تجدید اورخوشی کا موقع ہوگا۔
پوپ فرانسس نے چرواہوں کی بچہ یسوع سے ملاقات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ غریبوں اور لاچاروں کے لیے اس دنیا میں آیا۔بے شک ہمارے دل ایک ادنیٰ چرنی ہیں لیکن آج بھی وہ ہم سے ملاقا ت کو آتا ہے جو یہ ظاہرکرتا ہے کہ اْمید مردہ نہیں،اْمید زندہ ہے اور یہ ہمیشہ کے لیے ہماری زندگیوں کو گلے لگاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج رات خدا کے دل کا مقدس دروازہ آپ کے سامنے کھلا ہے۔جو اْمید کے موسم کا آغازہے جس میں ہمیں خُداوند سے ملنے کی خوشی کو دوبارہدریافت کرنے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔ آخر میں پوپ فرانسس نے دعا کی ہے کہ خدا کرے کہ مسیحی اْمید کی روشنی مومنین کو منور کرے تاکہ یہ جوبلی ہمیں،ہمارے ایمان میں مضبوط کرے، ہماری زندگیوں کے درمیان جی اْٹھے مسیح کو پہچاننے میں ہماری مدد کرے اورہمیں مسیحی اْمید کے زائرین بنائے تاکہ دنیا خدا کی وفادار محبت کی گواہی دے۔
یادر ہے کرسمس سے ایک روز قبل شام کو شروع ہونے والا یہ جشن 6 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔ یہ ایک ایسی رسم ہے جو چھ صدیوں سے منائی جا رہی ہے۔
مقدس سال پہلی مرتبہ 14ویں صدی میں منایا گیا تھا۔ آخری مرتبہ یہ سن 2000 میں منایا گیا تھا۔
روم کی زیارت کے ساتھ ساتھ اس مقدس دروازے سے گزرنا کیتھولک مسیحیوں کی سب سے مشہور رسومات میں سے ایک ہے۔ یہ ایک ایسی رسم ہے جسے ادا کر کے زائرین ’اپنے گناہوں کی معافی‘ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سب سے پہلا اور قدیم ترین مقدس دروازہ سینٹ جان لیٹرن بسیلکاہے، جسے پوپ مارٹن پنجم نے سن 1423 میں کھولا تھا۔
چوتھی صدی عیسوی میں تعمیر کیا جانے والا سینٹ جان لیٹرن بسیلکا مغرب میں سب سے قدیم چرچ ہے اور روم کا کیتھیڈرل بھی ہے۔
پوپ مارٹن پنجم کی جانب سے پہلا مقدس دروازہ کھولے جانے کے چند دہائیوں کے بعد 1499 میں الیگزینڈر ششم کے حکم پر سینٹ پیٹرز بسیلکا میں ایک خصوصی داخلی دروازہ نصب کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی مقدس دروازے کی رسم کو ہر 25 سال بعد منانے کی رسم کو مسیحی رواج کا حصہ بنا لیا گیا۔
اس کے بعد ’سانتا ماریا میگیور‘ اور ’سینٹ پال آوٹ سائڈ دی وال‘میں دو مزید مقدس دروازے کھولنے کا حکم دیا گیا۔ یہ دونوں دروازے سن 1500 میں منائے جانے والے جوبلی سال کے جشن کے لیے آنے والے زائرین کے لیے تیار کیے گئے تھے۔
پوپ فرانسس چار وں بسیلکا میں نصب مقدس دروازے مندرجہ ذیل ترتیب میں کھولیں گے:
24 دسمبر کو سینٹ پیٹرز بسیلکا میں پہلا مقدس دروازہ کھول دیا گیا ہے۔
29 دسمبر کو سینٹ جان لیٹرن بسیلکا میں واقع دروازہ زائرین کے لیے کھولا جائے گا۔
اس کے بعد یکم جنوری 2025 کو سانتا ماریا میجورے کا مقدس دروازہ کھلے گا۔
سب سے آخر میں پانچ جنوری 2025 کو سینٹ پال بسیلکا کا مقدس دروازہ کھولا جائے گا۔