بھوک کو شکست دینا امن کا راستہ ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 16اکتوبر2025کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے عالمی یومِ خوراک اور روم میں واقع خوراک و زراعت کی عالمی تنظیم(FAO)کے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پراس تنظیم کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے دْنیا بھر کے رہنماؤں سے بھوک اور غذائی قلت کے خاتمے کیلئے مشترکہ عالمی عزم کی اپیل کی۔پوپ لیو نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم صرف اقدار کاا علان کرنے پراکتفا نہیں کر سکتے۔ہمیں انھیں عملی طورپر اپناناہوگا۔محض نعرے بھوک مٹانے کا حل نہیں ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خوراک کی فراہمی،وسائل تک رسائی اورپائیدار دیہی ترقی کو یقینی بنانا عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
پاپائے اعظم نے خبردار کیا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے آج بھی67کروڑسے زائدانسان بھوکے سوتے ہیں اور یہ صرف اعدادوشمار نہیں بلکہ ٹوٹی ہوئی زندگیاں نیز ایسی مائیں ہیں جو اپنے بچوں کو کھلا نہیں سکتیں۔یہ ایک اخلاقی زخم ہے جوپوری انسانیت کو متاثرکرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی زندگی ہے اور پانی خوراک بھی ہے۔کھانا ضائع کرنا یا پھینکناانسانوں کو پھینکنے کے برابرہے۔
Daily Program
