ایشیا کا تنوع کلیسیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔کارڈینل فلیپے نیری فیراؤ

ایشیا کا تنوع کلیسیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔کارڈینل فلیپے نیری فیراؤ
ایشیا کا تنوع کلیسیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔کارڈینل فلیپے نیری فیراؤ


فیڈریشن آف ایشین بشپس کانفرنسز (FABC) کے صدر کارڈینل فلیپے نیری فیراؤ نے کہا ہے کہ ایشیا کا مذہبی، ثقافتی اور نسلی تنوع کلیسیا کی سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے اِسے خدا کا ایک قیمتی عطیہ قرار دیا، جو پورے براعظم کی مقامی کلیسیاؤں کو ایک مشترکہ مشن میں متحد کرتا ہے۔21 جولائی کو جکارتہ کے ہوٹل مولیا کے بال روم میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کارڈینل فیراؤ نے کہا کہ جنرل اسمبلی خود ایشیا کی کلیسیا کے حسن کی عکاسی کرتی ہے، جہاں مختلف ثقافتیں، زبانیں اور روایات اتحاد اور اشتراک کے جذبے کے ساتھ یکجا ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے سے بھی زیادہ یقین ہو گیا ہے کہ ایشیا اپنی رنگا رنگ ثقافتی خوبصورتی اور تنوع کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ ایشیا میں ہم تنوع کے اندر اتحاد کا جشن مناتے ہیں۔ان کا یہ بیان افتتاحی تقریب کے بعد سامنے آیا، جس میں انڈونیشیا کے ثقافتی ورثہ کو روایتی موسیقی، علاقائی رقص اور یوخرستی عبادت کے ذریعے پیش کیا گیا، جس سے شرکاء کو اس ملک کی ثقافتی دولت کی جھلک دیکھنے کا موقع ملا۔کارڈینل فیراؤ نے کہا کہ یہ ثقافتی مظاہر اس حقیقت کو اْجاگر کرتے ہیں کہ تنوع کوئی رکاوٹ نہیں بلکہ ایک ایسا قیمتی تحفہ ہے جو ایشیا بھر میں کلیسیا کی گواہی کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
FABC کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ اس تنظیم کی بنیاد 1970 میں پوپ پال ششم کے فلپائن کے تاریخی دورے کے بعد رکھی گئی، جس نے ایشیا کے بشپ صاحبان کے درمیان قریبی تعاون کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے پاپائے اعظم مقدس جان پال دوم اور پوپ فرانسس کے ایشیا کے مختلف دوروں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ان ملاقاتوں نے عالمگیر کلیسیا کے ایشیا کے عوام سے گہرے تعلق کو مزید مستحکم کیا۔
 

ایشیا کا تنوع کلیسیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔کارڈینل فلیپے نیری فیراؤ
ایشیا کا تنوع کلیسیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔کارڈینل فلیپے نیری فیراؤ

اپنے خطاب کے دوران کارڈینل فیراؤ نے ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ 2015 میں پوپ فرانسس کے سری لنکا اور فلپائن کے دورے کے دوران فلپائن میں جیزوٹ کاہنوں کے ایک سربراہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ سری لنکا کی طرح پوپ کا استقبال 25 ہاتھیوں سے تو نہیں کر سکتے، البتہ وہ 25 جیسوٹ طالب علم پیش کر سکتے ہیں۔ اس پر پوپ فرانسس نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ سری لنکا کے ہاتھی زیادہ خوبصورت لباس پہنے ہوئے تھے، جس پر حاضرین قہقہوں سے گونج اٹھے۔
کارڈینل فیراؤ نے FABC کی جانب سے انڈونیشیا کیتھولک بشپ کانفرنس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی کی بہترین میزبانی اور شاندار انتظامات نے تمام شرکاء کو گھر جیسا ماحول فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم انڈونیشیا کیتھولک بشپ کانفرنس کے بے حد شکر گزار ہیں، جس کی بہترین منصوبہ سازی اور محنت کے باعث جنرل اسمبلی نہایت خوش اسلوبی سے منعقد ہو رہی ہے۔انہوں نے انڈونیشیا کی حکومت، خصوصاً وزیر برائے مذہبی امور نصرالدین عمرکا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے شرکا ء کی آمد اور جنرل اسمبلی کے کامیاب انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔
افتتاحی تقریب میں نوسانتارا ڈانسرز نے انڈونیشیا کے مختلف علاقوں، جن میں سماٹرا، جاوا اور نوسا ٹینگارا شامل ہیں، کی ثقافتی روایات پر مبنی رنگا رنگ رقص پیش کیے۔ ان ثقافتی مظاہروں نے ایشیا بھر سے آنے والے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا اور ”تنوع میں اتحاد“ کے مرکزی پیغام کو اْجاگر کیا۔اپنے خطاب کے اختتام پر کارڈینل فیراؤ نے انڈونیشیا، اس کی عوام اور ملکی قیادت کے لیے خدا سے برکت کی دْعا کی اور اْمید ظاہر کی کہ یہ جنرل اسمبلی ایشیا کی کلیسیاؤں کے درمیان اتحاد، شراکت اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع کلیسیا کو یہ گواہی دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے کہ اگرچہ ایشیا مختلف زبانوں، ثقافتوں اور روایات کا براعظم ہے، لیکن یہی تنوع کلیسیا کے مشترکہ مشن کی اصل قوت اور اتحاد کا سرچشمہ ہے۔