ریورنڈ فادر سیسل پال او۔ ایم۔آئی کی کتاب ”اِن پرسونا کرسٹی“ کی تقریبِ رونمائی
مورخہ 13اکتوبر2026کوملتان ڈایوسیس کے اوبلیٹ جونیوریٹ میں عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے اپنے دستِ مبارک سے ریورنڈفادر سیسل پال او ایم آئی کی تصنیف ”اِن پرسونا کرسٹی“ کی رسم ِرونمائی اداکی۔ مشنری اوبلیٹس آف میری امیکولیٹ کے پاکستانی کاہن فادر سیسل پال او ایم آئی نے کاہنانہ زندگی اور خدمت میں مسیح کی موجودگی کو عملی طور پر ظاہر کرنے کے موضوع پر اپنی نئی کتاب ”اِن پرسونا کرسٹی: اے پروفاؤنڈ ایکسپلوریشن آف دی پریسٹ ہُڈ اِن کرسٹ“ شائع کی۔ اس تقریب میں سو سے زائد کاہن صاحبان، سسٹر صاحبات، سیمنری کے طلبہ اور عام مومنین نے شرکت کی۔
ریورنڈفادر سیسل پال نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کتاب میں ”اِن پرسونا کرسٹی“ کے الٰہیاتی مفہوم کا جائزہ لیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے ”مسیح کی ذات میں“۔ کتاب میں بائبل مقدس اور دوسری ویٹیکن کونسل کی دستاویز ”Presbyterorum Ordinis“ کی روشنی میں کاہنانہ خدمت کے روحانی، مذہبی اور عملی پہلوؤں کو بیان کیا گیا ہے۔فادر سیسل پال کے مطابق، موجودہ دور میں سائنسی و تکنیکی ترقی، ڈیجیٹل ذرائع کے بڑھتے ہوئے اثرات اور سیکولر رجحانات کے درمیان کاہنوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی زندگی میں سچائی، دیانت داری، پاکیزگی اور مسیحی تعلیمات کی عملی گواہی کو نمایاں کریں۔ انہوں نے کتاب کو کاہنوں کے لیے ایک روحانی رہنما قرار دیا، جو انہیں اپنی بلاہٹ کی روحانی گہرائی اور خدمت کی خوشی کو دوبارہ دریافت کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
اس کتاب کا ابتدائی باب ملتان کے مرحوم بشپ اینڈریو فرانسس کے نام منسوب ہے، جو 2017ء میں وفات پا گئے تھے۔ کتاب کے دیگر ابواب میں تکوین کی کتاب سے لے کر چاروں اناجیل تک کاہنانہ خدمت کے تصور کا جائزہ لیا گیا ہے، جس میں بائیبل و الٰہیاتی مطالعے کے ساتھ کاہنانہ زندگی کے عملی تجربات اور روزمرہ چیلنجز بھی شامل ہیں۔
عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے کتاب کو کاہنانہ تربیت اور روحانی خدمت کے لیے ایک اہم اور بروقت کاوش قرار دیتے ہوئے اس میں بیان کردہ قربانی، خدمت اور روحانی وابستگی کے پہلوؤں کو سراہا۔ پاکستان میں اوبلیٹ جماعت کے سپئیریر ریورنڈفادر بشارت ایکسپوئرنے کہا کہ یہ کتاب پاکستان میں کاہنانہ تربیت اور روحانی تشکیل کے لیے ایک اہم علمی و روحانی اضافہ ہے، جس کا مقصد کلیسیا کی روایتی تعلیمات کو عصرِ حاضر کی پاسبانی ضروریات اور عملی کاہنانہ خدمت سے مربوط کرنا ہے۔
پاکستان میں دومینیکن جماعت کے پروونشل ریورنڈفادر پاسکل پولوس نے کہا کہ کاہنانہ خدمت صرف انفرادی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مشترکہ مشن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کاہن اور عام مومنین مل کر دعا اور مسیح کی تعلیمات پر قائم ایسی کمیونٹیز تشکیل دیں، جہاں سب مل کر کلیسیا کی خدمت کریں۔
تقریب کے اختتام پر فادر سیسل پال نے عزت مآب بشپ یوسف سوہن کاہن صاحبان سسٹر صاحبات،مومنین اور اوبلیٹ برادری کا شکریہ ادا کیا۔
