آئیں مقدسہ مریم کی مادرانہ آواز کو سنیں جو ہمارے لئے شفاعت کرتی ہے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

یہ خبر نہایت خوشی سے بیان کی جاتی ہے کہ 5جولائی 2024کا دن ایوبیہ میں کیتھولک کلیسیا کی 125سالہ پرانی تاریخ میں ایک یادگار بن گیا، جب یوخرستی عبادت کے بعد فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے دستِ مبارک سے کیتھولک یوتھ سنٹر ایوبیہ میں بنائی گئی مقدسہ مریم کی پہاڑی کو برکت دی اور تجدید شدہ ایوبیہ یوتھ کیمپ کاٹیج کا افتتاح کیا۔یوخرستی عبادت کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے فرمائی جبکہ معاونت ریورنڈ فادر قیصر فیروزڈائریکٹر رابطہ منزل اورریورنڈ فادر ولیم نے کی۔  
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے وعظ میں مقدسہ مریم کی عقیدت اور پاک روزری کی عبادت کے فضائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئیں ہم مبارک کنواری مریم سے اپنے دلوں میں سکون اور نئی روشنی حاصل کر نے کے لئے التجا کریں۔اُنہوں نے مزید زور دیا کہ ہم  مقدسہ مریم کی مادرانہ آواز کو سنیں جو آج بھی ہمارے لئے یسوع سے سفارش کرتی ہے۔ 
بعد ازاں پاکستان کی تمام ڈایوسیس کی جانب سے مقدسہ ماں مریم کوعقیدت کے ڈوپٹے پہنائے گئے،سسٹر صاحبات نے موم بتیاں روشن کیں نیز رابطہ منزل کی جانب سے مقدسہ مریم کو خوبصورت گلدستہ پیش کیا گیا۔