مقدسہ مریم کا دل خدا کی محبت کا آئینہ ہے۔ ریورنڈفادر طارق جارج

مورخہ 8 دسمبر 2025 کو قومی زیارت گاہ مریم آباد میں مقدسہ مریم اور مقدس یوسف کیتھولک چرچ کی 127ویں سالگرہ (1898–2025) بڑی عقیدت سے منائی گئی۔ یہ دن نہ صرف چرچ کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل تھا بلکہ اس مقدس مقام کی روحانی وراثت، مشنری خدمات اور ایمان کی مسلسل گواہی کی یاد دہانی بھی تھا۔
پاک ماس کی قیادت مریم آباد پیرش کے ریکٹر ریورنڈفادر طارق جارج نے فرمائی۔ اپنے وعظ میں فادر موصوف نے مقدسہ مریم کی پاکیزگی، عاجزی اور خدا پر کامل بھروسے کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مقدسہ مریم کا دل خدا کی محبت کا آئینہ ہے اور آج بھی وہ لاکھوں مومنین کے لیے ہمت، رحمت اور رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے 19ویں اور 20ویں صدی کے اُن کیپوچن مشنریوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے سخت حالات، محدود وسائل اور بے شمار چیلنجز کے باوجود اس مقام کو ایک مقدس زیارت گاہ کے طور پر قائم کیا، جہاں آج لاکھوں مومنین مقدسہ ماں کی سفارشوں کی بدولت روحانی سکون اور برکت حاصل کرنے آتے ہیں۔مریم آباد کی 127 سالہ تاریخ، محبت، مشنری قربانیوں اور ایمان کی گواہی سے بھرپور ہے۔ ایک تاریخ جو آج بھی زندہ ہے کیونکہ یہاں آنے والے ہر عقیدت مند کا دل مقدسہ مریم سے محبت میں دھڑکتا ہے۔اس تقریب کے دوران بشارتِ مریم گروپ نے بھی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مقدسہ مریم کو خوبصورت پھول پیش کیے۔ اْن کا یہ عمل محبت، احترام اور اس بات کی علامت تھا کہ مریم آباد کی خواتین نسل در نسل مقدسہ مریم سے عقیدت کی امانت کو آگے بڑھا رہی ہیں۔آخر میں مقدسہ مریم اور مقدس یوسف کیتھولک چرچ کی 127ویں سالگرہ نیز مقدسہ مریم کے بیداغ حمل میں لئے جانے کی عید کاکیک کاٹا گیا۔