اگر ہم اچھے ہوں گے تو وقت اچھا ہو گا۔پوپ لیو چہاردہم

مورخہ 27ستمبر2025کوپوپ لیو چہاردہم نے سینٹ پیٹرز باسیلیکا کے ذریعہ شائع ہونے والے میگزین پیازا سان پیٹرو (Piazza San Pietro) کے ایک قاری کو ستمبر کے شمارے، خط و کتابت کے سیکشن میں جواب دیا۔اس میں، پوپ لیو روم سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ میڈیکل کی طالبہ ویرونیکا کو جواب دے رہے ہیں۔نوجوان خاتون لکھتی ہیں:میرا خواب ڈاکٹر بننا ہے اور لوگوں کو اْن کی بیماریوں سے شفایاب ہونے میں مدد کرنا ہے۔وہ مزید کہتی ہیں کہ وہ دنیا بھر میں تنازعات کے بارے میں فکر مند ہیں۔امن سے رہنا تقریباً ناممکن لگتا ہے۔ کیسامستقبل ہمارا منتظرہے؟ کیا ہم ایک بہتر دنیا کی اْمید کر سکتے ہیں؟ اور ہم نوجوان ایسا کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
پوپ لیو نے سادہ اور پیار بھرا جواب دیا ہے۔ محترمہ ویرونیکا، سب سے پہلے، میں خلوص دل سے چاہتا ہوں کہ آپ اپنا خواب پورا کریں۔ آپ جس پیشے کی خواہش رکھتی ہیں وہ سب سے اعلیٰ ترین پیشہ ہے، خاص طور پر اگر آپ سب سے کمزور اور در کئے ہوئے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ آپ کے سوالات وہ ہیں جو آپ کے بہت سے ساتھیوں کے دلوں میں بھی ہیں۔انہوں نے مزید کہاہم مشکل وقت میں جی رہے ہیں، لیکن اس سے ہمیں ایک بہتر دنیا کیلئے ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔ بظاہر برائی ہماری زندگیوں پر حاوی ہو رہی ہے۔  بہت سے بے گناہ جنگوں کا شکار ہو رہے ہیں لیکن ہمیں اْمید کبھی نہیں چھوڑنی۔سینٹ آگسٹین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اچھے ہوں گے تو وقت اچھا ہو گا! ایسا ہونے کے لیے، ہمیں اپنی اْمید خداوند یسوع میں رکھنی چاہیے۔
یہ وہی اْمیدہے جس نے آپ کے دل میں آپ کی زندگی سے کچھ عظیم بنانے کی خواہش کو بیدار کیا ہے، جو آپ کو اور آپ کے آس پاس کے معاشرے کو بہتر بنانے کی طاقت دے گی، تاکہ ہم جس وقت میں رہتے ہیں وہ واقعی اچھا وقت ہو۔
پوپ لیو نے اپنے پیغام کا اختتام کرتے ہوئے تمام نوجوانوں کو اپنی برکات دیں اور کہا کہ یسوع کے ساتھ اپنی دوستی کو فروغ دیں نیزمجھے اپنی تعلیم اور اپنے باطنی سفر کے بارے میں معلومات دیتے رہیں۔