جو راکھ مومنین کی ماتھوں پر لگائی جاتی ہے وہ ہمیں ایک ایسی دنیا کے بوجھ کی یاد دلاتی ہے جو آگ کی لپیٹ میں ہے۔ پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 18فروری 2026کو ویٹی کن میں سینٹ سبینا باسیلیکا میں پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے راکھ کے بدھ کی عبادت کی قیادت فرمائی اور روزوں کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ جو راکھ مومنین کی ماتھوں پر لگائی جاتی ہے وہ ہمیں ایک ایسی دنیا کے بوجھ کی یاد دلاتی ہے جو آگ کی لپیٹ میں ہے اور جہاں جنگوں نے پورے کے پورے شہر تباہ کر دیے ہیں۔پوپ لیو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ راکھ کا بدھ ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم موت کو اْس کی اصل حقیقت کے ساتھ پہچانیں اور اس کے نشان اپنے اندر لیے چلیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں حقیقی اپنائیت کم ہوتی جا رہی ہے، مگر روزوں کا موسم سب کو ایک ساتھ جمع کرتا ہے، ایک ایسی گواہ برادری کے طور پر جو اپنے گناہوں کو پہچانتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ گناہ صرف ذاتی نہیں بلکہ اجتماعی بھی ہوتے ہیں۔ گناہ ہمارے دلوں کو متاثر کرتا اور ہمارے اندر موجود ہوتا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ وسیع ترگناہ کے ڈھانچوں میں بھی ظاہر ہوتا ہے، جو معاشی، ثقافتی، سیاسی حتیٰ کہ مذہبی نوعیت کے بھی ہو سکتے ہیں۔پوپ لیو نے کہا کہ روزوں کا مطلب”توبہ اور تبدیلی کے ذریعے“ان سب سے آزاد ہونے کی جرات کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دنیاوی دور میں یہ پیغام خاص طور پر نوجوانوں کے لیے پُرکشش ہے، کیونکہ نوجوان بخوبی سمجھتے ہیں کہ کلیسیا اور دنیا دونوں میں غلط کاموں کے لیے جوابدہی ہونی چاہیے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیو نے مسیحیوں کو تلقین کی کہ روزوں کے ایام کو صرف ذاتی عبادت نہ سمجھیں، بلکہ اسے ان بے چین مگر نیک ارادے رکھنے والے لوگوں تک پہنچانے کے طریقے تلاش کریں جو اپنی زندگیوں کی حقیقی تجدید کے راستے ڈھونڈ رہے ہیں۔