اپنی زندگی کے خزانہ کو دوسروں کی بھلائی کیلئے استعمال کریں۔پوپ لیو چہاردہم
مورخہ 10اگست 2025کوپوپ لیو چہار دہم نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں مومنین سے خطاب کرتے ہوئے اْنھیں اپنے آپ سے یہ پوچھنے کی دعوت دی کہ وہ اپنی زندگی کے ”خزانے“ کو کہاں خرچ کر رہے ہیں۔پوپ لیو نے مقدس لوقا کی انجیل سے یسوع مسیح کے اِن الفاظ ”جو کچھ آپ کے پاس ہے اْسے بیچیں اور خیرات دیں“ کا حوالہ دیا اور تمام مسیحیوں سے کہا کہ وہ خدا کی طرف سے ملنے والے تحائف سے چمٹے نہ رہیں بلکہ انہیں دوسروں کی بھلائی کے لیے دل کھول کر استعمال کریں خاص طور پر اْن لوگوں کیلئے جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف مادی چیزوں کو ہی نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں، وقت، محبت، خود کی موجودگی اور ہمدردی سے بھی دوسروں کی مدد کریں۔ پوپ لیو نے رحم کے کاموں کو ہماری زندگیوں کے خزانے کے لیے ”سب سے محفوظ اور سب سے زیادہ پھل دار بینک“ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نیکی اور بھلائی کے چھوٹے چھوٹے کام بھی لامحدود قدر رکھتے ہیں، جیسا کہ انجیلِ مقدس میں اْس غریب بیوہ کی تمثیل موجود ہے جو دو سکوں کی بدولت ”دنیا کی امیر ترین شخصیت“ بن جاتی ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام میں پوپ لیو نے مومنین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ جہاں بھی ہوں اپنے،گھر،سکول،دفتر یا کہیں بھی، نیکی کرنے کا کوئی موقع ضائع نہ کریں۔انہوں نے سبھی مومنین کو مقدسہ مریم کے سپرد کیا تاکہ وہ تمام مومنین کو ایک منقسم دنیا میں ”رحم اور امن کے متولی“ بننے میں مدد کرے۔
Daily Program
