مقدس فیلبوس نیری (کاہن)

 آپ 1515 میں اٹلی کے شہر فلورنس میں پیدا ہوئے۔ آپ اپنے والدین کی فرمانبرداری کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔ 18 برس کی عمر میں جب آپ نے تعلیم مکمل کی تو والدین نے آپ کو ایک قریبی رشتہ دار کے پاس اس غرض سے بھیج دیا کہ اْس کی جائیداد میں سے آپ کو کچھ حصہ مل جائے لیکن آپ دنیاوی چیزوں کی خواہشمند نہ تھے۔ اس لیے آپ سب کچھ ٹھکراکر 1533 میں روم واپس آگئے۔ بعد ازاں فلورنس کے ایک امیر شخص کے ہاں اْن کے بچوں کے مدرس بن گئے۔ آپ ایک عام مومن ہونے کے باوجود درویشانہ زندگی بسر کرتے تھے۔ 1544 کو پاشکائی ایام کے دوران ایک بار جب آپ زمین دوز قبرستان میں دْعا کر رہے تھے تو آپ پر رویا ہوئی جس میں آپ نے دیکھا کہ ایک آگ کا گولا آپ کے سینے میں جا اْترا ہے اور کچھ دیر کے لیے آپ وجد کی حالت میں رہے اور اس سے درحقیقت جسمانی طور پر آپ کا دل کشادہ ہو گیا۔ایک بار جب آپ نے چاہا کہ آپ اپنی روزمرہ کی عملی زندگی کو چھوڑ کر دْور کہیں تنہائی کی زندگی بسر کریں تو اْس وقت بھی آپ کو رویا میں بتایا گیا کہ آپ کی خدمت روم میں ہے۔حتیٰ کہ جب آپ نے انڈیا میں منادی کرنے کی تمنا کی تو بھی آپ پر رویا میں عیاں کیا گیا کہ آپ کی خدمت روم میں ہی ہے۔ آپ کی زندگی کو دیکھ کر ہر کوئی متاثر ہوتا۔اسی دوران آپ نے علمِ فلسفہ اور علم الہٰیات کی تعلیم پائی۔ آپ کے دل میں ہمیشہ روحوں کو بچانے کی خواہش رہتی تھی۔1548 میں آپ نے ایک جماعت تشکیل دی جس کا مقصد زیارت کرنے والوں اور بیماروں کی دیکھ بھال کرنا تھا۔ اپنے روحانی مددگار کے کہنے پر 36 برس کی عمر میں آپ جون 1551 کو کاہن بنے۔اب آپ نے اپنی  ایک چھوٹی سی جماعت میں رہنا اور زیادہ ریاضت زندگی بسر کرنا شروع کر دی۔انہی دنوں میں آپ نے ایک اور مذہبی جماعت (Congregation of the Oratory) کی بنیاد رکھی۔یہاں سے آپ پورے روم میں مسیحی اقتدار اور روحوں کی نجات کے لیے کام کرتے تھے۔ آپ گھنٹوں مومنین کے اعتراف سنتے بلکہ خدا کی طرف سے آپ کو یہ فضل حاصل تھا کہ آپ لوگوں کے بتائے بغیر ان کی خطاؤں کو جان سکتے تھے۔بچوں، غریبوں اور بیماروں کی خدمت نے آپ کی کاوشوں کی بنا پر روم کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔ اپنی زندگی کے آخری ایام میں آپ کو بار بار مختلف بیماریوں نے ا ٓگھیرا لیکن آپ ہر بار دْعا اور پختہ ایمان کے بدولت تندرست ہو جاتے۔ اس طرح ایک کامیاب روحانی زندگی بسر کرنے کے بعد آپ 1595 میں اس عمومی تاثر کے ساتھ کہ آپ خوش اخلاق اور روشن خیال انسان ہیں اپنے خالق کے حقیقی سے جا ملے۔آپ کی عید ہر سال 26مئی کو منائی جاتی ہے۔
 اے خداوند ہمارے خدا!ہم تیرے نیک لوگوں کے لیے تیرا شکر ادا کرتے ہیں ہماری مدد کر تاکہ ہم ان کی زندگیوں سے سیکھ کر ان کے نیک کاموں کو آگے بڑھا سکیں۔ آمین