مقدس شربل میخالوف (کاہن)
آپ 8مئی 1828میں لبنان کے مقام بِکہ کافرہ میں پیدا ہوئے۔آپ کے والدین محنت مزدوری کرتے اور مثالی مسیحی زندگی کی وجہ سے مشہور تھے۔آپ نے اپنے والدین سے مذہبی تعلیم اور ریاضتی زندگی کا درس پایا۔ابھی آپ چھوٹی عمر ہی کے تھے کہ آپ کے والد انتقال کر گئے۔آپ کو مقدسہ مریم سے خصوصی لگن اور عقیدت تھی۔اپنی روحانی زندگی کیلئے آپ مشہور کتاب ”تقلیدالمسیح“پڑھا کرتے تھے۔23برس کی عمر میں آپ ایک قریبی راہب خانہ میں تعلیم و تربیت کیلئے تشریف لے گئے۔1851میں آپ نے انطاکیہ کے دوسری صدی کے شہید شربل کے نام کو اختیار کیا۔دائمی وعدوں کے بعد 1859میں آپ کاہن بنے۔آپ نے درویشانہ زندگی بسر کی۔آپ کے دل میں ہمیشہ ابتدائی آبائے کلیسیا کی طرزِ زندگی اختیار کرنے کا جذبہ رہتا تھا۔آپ اپنے راہب خانہ میں انتہائی دْعائیہ،ریاضتی،حلیمی،تابعداری،خود انکاری کی زندگی اور سخت محنتی کاموں کی وجہ سے مشہور تھے۔اپنے خواب کو پورا کرنے کیلئے 1875میں 16برس کے بعد آپ نے اپنے راہب خانہ کو خیر باد کہا اور ایک دور دراز مقام پر مکمل درویشانہ زندگی اختیارکر لی جہاں آپ نے اپنی زندگی کے باقی ماندہ23برس گزارے۔آپ کو دیکھتے ہوئے تین اور ساتھی آپ سے آملے۔آپ بیشتر وقت خاموش رہتے اور ضرورت پڑنے پر مختصربات کرتے تھے۔آپ کھانے میں صرف سبزیاں کھاتے،گوشت اور پھل آپ کی غذا میں بالکل شامل نہ تھی۔آپ سال میں 4بار مختلف دْورانیہ کے روزے رکھتے تھے۔آپ پیسوں کو چھوتے تک نہیں تھے۔آپ بے آرام بستر پر سوتے اورلکڑی کا ٹکڑا آپ کا تکیہ ہوتا۔آپ آدھی رات کے وقت عبادت کرنے کو زیادہ ترجیح دیتے تھے۔آپ کی روحانی زندگی کو دیکھ کر بہت سارے لوگ آپ سے روحانی گفتگو اور مشورہ لینے آتے تھے۔اکثر لوگ آپ سے دْعا کروانے اور برکت لینے بھی آتے۔زندگی کے آخری ایام میں آپ پر فالج کا حملہ اْس وقت ہوا جب آپ پاک ماس کے دوران تبدل کے الفاظ ادا کر رہے تھے۔24دسمبر کو آپ اس دنیا سے رحلت کر گئے۔آپ کی وفات کے بعد بہت سارے معجزات رونما ہوئے۔آپ کی وفات کے کچھ ماہ بعد لوگوں نے آپ کی قبر کو حلقہ ِ نور میں دیکھااور جب آپ کی قبر کھودی گئی تو آپ کے سارے جسم سے پسینہ اور خون رِس رہا تھا۔آپ کے جسدِ خاکی کو احترامً دوسرے کفن میں رکھ دیا گیا۔1927اور پھر1950میں آپ کے کفن کو بہت سارے لوگوں جن میں ماہر ڈاکٹرز بھی موجود تھے کھولا گیاتاکہ اِس ”خون پسینے“ کی حقیقت کو جانا جا سکے۔تاہم آپ کے جسم کو تروتازہ دیکھ کر کوئی بھی اِس ناقابلِ یقین اور حیرت انگیز واقعہ کو نہ سمجھ سکا۔آپ کی وجہ سے لبنان اور اِردگردکے علاقوں میں اخلاقی اور روحانی تبدیلی رونما ہوئی اور بہت سے لوگ ایمان لے آئے۔آپ کی قبر پر مسیحی اور غیر مسیحی دونوں بڑی عقیدت سے آتے ہیں اور شفاوشفاعت حاصل کرتے ہیں۔
اے مقدس شربل میخالوف
ہمارے واسطے دْعا کر!
Daily Program
