ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی کے لیے کام کریں۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

مورخہ 6جنوری2026کو پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (PPAF) 
(Pakistan Poverty Alleviation Fund)نے اپنے اسلام آباد آفس میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہ بامقصد ملاقات پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر نادر گل بریچ کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جس میں ادارے کی سینئر قیادت نے بھی شرکت کی۔یہ تقریب کرسمس کے روحانی پیغام اور پی پی اے ایف کے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور سماجی یکجہتی کے عزم کی بھرپور عکاسی کرتی رہی۔ اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی، جو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان محبت، اتحاد اور بھائی چارے کی علامت بنی۔
اس نشست کے دوران شرکا ء نے بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ مسٹر نادر گل بریچ نے کہا کہ پاکستان جیسے کثیرالمذاہب معاشرے میں باہمی احترام اور تعاون ہی پائیدار ترقی اور غربت کے خاتمے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی پی اے ایف ہمیشہ ایسی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا جو معاشرے میں امن، برداشت اور مساوات کو فروغ دیں۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان مکالمہ اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہی معاشرے کا حصہ ہیں اور ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم محبت، امن اور خدمت کے ذریعے انسانیت کی بھلائی کے لیے کام کریں۔ بین المذاہب ہم آہنگی نہ صرف معاشرتی استحکام بلکہ آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے پی پی اے ایف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ عملی طور پر کمزور طبقات کی خدمت اور انسانی وقار کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔نشست کے اختتام پر شرکا ء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غربت کے خاتمے، سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا، تاکہ پاکستان میں اتحاد، امن اور انسانی وقار کو فروغ دیا جا سکے۔