پوپ لیو چہاردہم نے جکارتہ میں منعقد ہونے والے ایف اے بی سی اجلاس کے لیے بھارتی کارڈینل اوسوالڈ گریسیاس کو خصوصی نمائندہ مقرر کر دیا۔
پوپ لیو چہاردہم نے مغربی بھارت کے شہر بمبئی کے ایمریتس آرچ بشپ، کارڈینل اوسوالڈ گریسیاس، کو 20 تا 26 جولائی 2026 کو انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منعقد ہونے والی فیڈریشن آف ایشین بشپز کانفرنسز (FABC)کی بارہویں جنرل اسمبلی کے لیے اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے۔
کارڈینل گریسیاس کے نام اپنے خط میں پوپ لیونے ایشیا میں کلیسیا کی مسلسل ترقی کے لیے اپنی اْمید کا اظہار کرتے ہوئے اس خطے میں مسیحی ایمان کی گواہی دینے اور انسانی عظمت کے فروغ میں اہم کردار کو اْجاگر کیا۔ایشیا میں کلیسیا کے مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے پوپ لیو چہاردہم نے بشپ صاحبان اور تمام مومنین کو ترغیب دی کہ وہ موجودہ دور کے حقائق اور چیلنجز سے بھرپور طور پر جڑے رہیں اور اپنے عہد کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی میدان میں اْترنے سے نہ گھبرائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کلیسیا دْعا، حکمت اور ثابت قدمی کے ساتھ انسانیت کو درپیش چیلنجز کا جواب دے۔
پوپ لیو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کلیسیا کی تمام سرگرمیوں کا مرکز خدا ہو اور اس کے فیصلوں کے محور پر ہمیشہ انسانی عظمت قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو اکثر معاشرے کے حاشیے پر دھکیل دیے جاتے ہیں، جن میں غریب، بیمار، مہاجرین اور بچے شامل ہیں، ایک زیادہ منصفانہ اور ہمدرد معاشرے کی تعمیر میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
زبور 85:11 کا حوالہ دیتے ہوئے پوپ لیو چہاردہم نے ایسے معاشرے کی دْعا کی جہاں شفقت اور سچائی باہم مْلاقات کرے گی،عدل اور صْلح ایک دوسرے کا بوسہ لیں گے۔پوپ لیو نے کلیسیا کو یہ بھی تلقین کی کہ وہ تقسیم یا ذاتی مفادات پر مبنی ادارہ بننے کے بجائے اتحاد اور رفاقت کی معمار بنے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد کے معمار بننا ہے، نہ کہ اس دور کے بابل کے معمار؛ ہمیں آنے والی بادشاہی کے خادم بننا ہے، نہ کہ ایسی بلند و بالا عمارتوں کے معمار جو بالآخر تباہی کا شکار ہوں۔کارڈینل اوسوالڈ گریسیاس، جنہوں نے 2006 تا 2025 تک بھارت کے آرچ ڈایوسیس بمبئی کے آرچ بشپ کے طور پر خدمات انجام دیں، ایشیا میں کلیسیا کے لیے اپنی نمایاں خدمات اور علاقائی و عالمی کلیسیائی قیادت میں فعال کردار کے باعث وسیع پیمانے پر جانے جاتے ہیں۔ وہ ماضی میں ”کیتھولک بشپز کانفرنس آف انڈیا“ کے صدر بھی رہ چکے ہیں اور ویٹی کن کے اہم مشاورتی اداروں کے رکن بھی رہے ہیں۔
پوپ کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے کارڈینل گریسیاس ایف اے بی سی اجلاس کے دوران مذہبی عبادات کی قیادت کریں گے اور جنرل اسمبلی میں شریک بشپ صاحبان، کاہنوں، مذہبی شخصیات اور عام مومنین تک پوپ لیو چہاردہم کی نیک تمناؤں اور قربت کا پیغام پہنچائیں گے۔
ایف اے بی سی کی بارہویں جنرل اسمبلی ایشیا بھر سے بشپ صاحبان کو ”سنڈی تبدیلی کی دعوت اور ایشیا میں پْل اور پْل بنانے والا بننے کا مشن“کے عنوان کے تحت یکجا کرے گا، جہاں کلیسیا میں اتحاد، مکالمے اور تبلیغی مشن کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔