پوپ فرانسس کا وصیت نامہ

 مورخہ 29 جون 2022، کو پوپ فرانسس کا وصیت نامہ شائع ہوا۔ جس میں سینٹ میری میجر کے باسیلیکا میں ان کی تدفین کے بارے میں پتہ چلتا ہے۔
باپ بیٹے اور روح القدس کے نام سے۔ آمین۔
جب میں اپنی زمینی زندگی کے سفر کو مکمل ہوتا ہوا محسوس کر رہا ہوں اور ابدی زندگی میں پختہ اْمید کے ساتھ، اپنی آخری خواہشات صرف اور صرف اپنی تدفین کی جگہ کے بارے میں بیان کرنا چاہتا ہوں۔
اپنی پوری زندگی، ایک کاہن اور بشپ کے طور پر اپنی خدمت کے دوران، میں نے ہمیشہ اپنے آپ کوہمارے خداکی ماں، مبارک کنواری مریم کے سپرد کیا ہے۔ اس لئے، میں چاہتاہوں کہ میری فانی باقیات جی اْٹھنے کے دن تک سینٹ میری میجر کے پاپل باسیلیکا میں رہیں۔
میری خواہش ہے کہ میرا آخری زمینی سفر مقدسہ مریم کی قدیم پناہ گاہ (سینٹ میری میجر کے پاپل باسیلیکا) میں ختم ہو۔جہاں میں اپنے ہر رسولی سفر کے آغاز پر ایمان کے ساتھ اپنے ارادوں کو پاکیزہ ماں کے سپرد کرتا اور رسولی سفر کے اختتام پر اْس ماں کی محافظت کیلئے شکریہ ادا کرنے ہمیشہ جاتا ہوں۔
میں چاہتاہوں کہ میرا مقبرہ پولین چیپل اور باسیلیکا کے سفورزا چیپل کے درمیان میں تیار کیا جائے۔ میری قبر زمین میں ہونی چاہیے بالکل سادہ، بغیر کسی خاص آرائش کے، جس پہ صرف یہ لکھا ہو: فرانسس۔
تدفین کی تیاری کی لاگت ایک خیر خواہ کی طرف سے فراہم کردہ رقم سے پوری کی جائے گی، جسے میں نے سینٹ میری میجر کے پاپل باسیلیکا میں منتقل کرنے کا انتظام کر دیاہے۔ میں نے اس بارے میں لائبیرین باسیلیکا کے غیر معمولی کمشنر کارڈینل رولینڈس کو ضروری ہدایات دے دی ہیں۔
خداوند اْن تمام مومنین کواجر عطا فرمائے جنہوں نے مجھ سے محبت کی اور جو میرے لئے دْعا کرتے رہتے ہیں۔میں میری زندگی کے آخری ایام میں آنے والے دْکھوں کو، لوگوں کے درمیان بھائی چارے اور دنیا میں امن کے لیے خدا کی نذر کرتا ہوں۔
سانتا مارٹا، 29 جون 2022
فرانسس