فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی سانحہ سرگودھا کی پْر زْورمذمت

مورخہ 25مئی 2024 کو فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد،بشپ آف اسلام آباد راولپنڈی ڈایوسیس کی قیادت میں مسیحی وفد نے مجاہد کالونی سرگودھا کا دورہ کیا اور سرگودھا کے ڈی پی او اسد اعجاز سے ملاقات کی اور اقلیتوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ بشپ صاحب کی قیادت میں مسیحی سینیٹر طاہر خلیل سندھو، ریورنڈ فادر آصف جان وکر جنرل اسلام آباد روالپنڈی ڈایوسیس،ریورنڈ فادر سرفراز سائمن،ریورنڈ فادر سلو یسٹر جوزف،ریورنڈ فادر ڈیوڈ جان،ریورنڈ فادر فیبین پال اورریورنڈ فادر رضوان نے مسٹر رضوان گلِ سابق(ایم۔پی۔اے) اور رزاق ڈھیلوموجودہ (ایم۔پی۔اے) سے ملاقات کی۔ سانحہ سرگودھا کی صورتحال کا جائزہ لیا اور حکومتِ وقت سے مجاہد کالونی کے مسیحیوں کیلئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ مجھے میں اس سانحہ کے بارے میں جان کر بہت افسوس ہوا ہے۔ یہ واقعہ غیر انسانی تھا۔ حالات اب قابو میں ہیں لیکن مسیحی آبادی اب بھی خوف میں مبتلا ہے۔ میں حکومت ِ پاکستان سے پْر زور اپیل کرتا ہوں کہ وہ اِن انتہا پسندوں کے خلاف سخت کاروائی کریں اوراِن پرتشدد واقعات سے بچنے کے لیے سخت پالیسیاں متعارف کرائیں تاکہ پاکستان میں مسیحی برادری کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات ملکِ پاکستان میں بسنے والے مسیحیوں کیلئے عد م تحفظ کی راہ ہموار کرتے ہیں جس کی وجہ سے مسیحی کسی بھی طرح سے یہاں محفوظ نہیں ہیں۔انہوں نے اس افسوس ناک واقعہ کی شفاف تحقیقات کروانے کی بھی اپیل کی ہے۔تاکہ قانون اور انصاف کی بالا دستی قائم ہو۔