کاہن اِس دْنیا میں مومنین کے لیے خدا کی رحمت کے معجزہ کا وسیلہ ہیں۔پوپ فرانسس

مورخہ 28مارچ2024کوپوپ فرانسس نے ویٹیکن میں کرسماماس کے دوران کاہنوں کی مومنین کیلئے کشادہ دلی سے خدمات کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ آپ آج کی دنیا میں مومنین کے لیے خدا کی رحمت کے معجزہ کا وسیلہ ہیں۔خدا آپ کے مشن میں آپ کی خدمت کو اور مضبوط بنائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح ہماری کلیسیا کے پہلے جانشین مقدس پطرس نے تین بار مسیح کا انکار کیا۔ لیکن پھر پچھتاؤے کے سچے آنسوؤں نے اْس کی زندگی بدل دی۔ اْس کے گہرے دْکھ اور پشیمانی نے اْس کی مسیح سے محبت کی تجدید کر دی۔
پوپ فرانسس نے پچھتاؤ ے میں رنجیدہ دل کو چھیدا ہوادل کہا۔جو توبہ کے آنسوؤں کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ احساس جرم نہیں ہے جو ہمیں حوصلہ شکنی یا ہماری نااہلی کی نشاند ہی کرتا ہے، بلکہ یہ ایک فائدہ مند ”چھید“ہے جو دل کو پاک کرتا اور شفا بخشتا ہے۔پوپ فرانسس نے بتایا کہ ایک بار جب ہم اپنے گناہ کو پہچان لیتے ہیں، توہمارے دل روح القدس کے لیے کْھل جاتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ جب ہم پاکیزگی اور وفاداری کے راستے سے بھٹکنے کے بعد سنجیدگی سے توبہ کر لیتے ہیں تو خدا ہمیں ندامت کے قرض سے آزاد کرتا ہے۔کیونکہ وہ اْن لوگوں کو کبھی مایوس نہیں کرتا جو اُس پر ایمان رکھتے ہیں۔
 پوپ فرانسس نے اس پر زور دیا کہ آئیے ہم اپنے آپ کو دیکھیں اور اپنے آپ سے پوچھیں کہ ہمارے ضمیر کے امتحان اور ہماری دعاؤں میں آنسو کیا کردار ادا کرتے ہیں؟
آخر میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہم جتنے بڑے ہوتے جاتے ہیں، اتنا ہی کم روتے ہیں یعنی کم پچھتاتے ہیں۔لیکن حقیقت میں ہمیں بچوں جیسا بننا ہے۔کیونکہ جب ہم پچھتانے میں ناکام رہتے ہیں تو اندر ہی اندر بوڑھے ہو جاتے ہیں۔اس کے برعکس وہ لوگ جو خدا کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہو کر اپناآپ خدا کو سونپتے ہیں وہ خود سے کم اور مسیح سے زیادہ منسلک ہو تے ہیں۔