امن ممکن ہے،یہ صرف خواب نہیں ہے۔پاپائے اعظم لیو چہار دہم

مورخہ 18اکتوبر2025کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے ویٹیکن کے پال ششم ہال میں جوبلی کے موقع پر سنٹی،خانہ بدوش اقوام اور دنیا بھر سے آئے ہوئے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بچوں اور نوجوانوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے پوپ لیونے کہا کہ امن ممکن ہے، یہ صرف خواب نہیں۔ہمیں اپنے دلوں، خاندانوں اور معاشرے میں امن پیدا کرنا چاہیے۔
انہوں نے جوبلی کے موضوع”اْمید سفر میں ہے“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خانہ بدوش اقوام اپنی مضبوط ایمان، اْمید اور خدا پر بھروسے کے ذریعے دنیا کو سبق دیتی ہیں۔پوپ لیو نے یاد دلایا کہ یہ تقریب پوپ پال ششم کی 1965ء میں خانہ بدوش اقوام سے تاریخی ملاقات کے 60 سال بعد منائی جا رہی ہے۔جس میں انہوں نے مقدسہ مریم کو ”کوئن آف روما، سنٹی اینڈ ٹریولرز“کا تاج پہنایا تھا۔
اپنے خطاب کے آخر میں پوپ لیو نے کہا کہ آپ کا طرزِ زندگی ہمیں سکھاتا ہے کہ خدا پر بھروسہ اور ایمان سب سے بڑی دولت ہے۔انہوں نے سب کو دعوت دی کہ وہ خاندان زندگی، محنت اور دْعا کی عظمت کو اپنائیں نیز اپنی ثقافت اور ایمان کی خوبصورتی دنیا کے سامنے پیش کریں۔