مقدس مرقس (انجیل نویس)

مقدس مرقس پیدائشی یہودی تھے۔خداوند یسوع کے مْردوں میں سے جی اْٹھنے کے بعد آپ نے مسیحیت کو قبول بعد ازاں آپ مقدس پولوس اور برنباس کے ساتھی بنے اور اْن کے ساتھ بشارتی دْوروں پر بھی جاتے رہے۔پھر آپ روم تشریف لے گئے جہاں آپ مقدس پطرس کے ترجمان رہے۔مقدس اوریجن اور مقدس جیروم کہتے ہیں کہ آپ وہی کچھ تحریر کیا جو آپ نے مقدس پطرس سے سیکھا تھا۔مقدس پطرس نے شہنشاہ نیرو کی حکومت کے ساتویں برس میں آپ کو اسکندریہ کا بشپ بنا کر بھیج دیا۔آپ نے بارہ برس تک لبیا اور مصر میں نہ صرف کلام ِ مقدس کا پرچارکیابلکہ اسکندریہ کی کلیسیا بھی قائم کی۔آپ کی قبولیت کو دیکھ کرآپ کے مخالفین سخت ناراض ہوئے۔کچھ عرصے کیلئے آپ نے اسکندریہ کو خیر باد کہا۔دوسال کے عرصے کے بعد آپ جب واپس لوٹے تو آپ نے مسیحیوں کی تعداد میں خاصا اضافہ دیکھا۔اْن کی حوصلہ افزائی کرنے کے بعد آپ روم روانہ ہوگئے۔آپ کے معجزات کی بدولت اسکندریہ کی غیرا قوام آپ کو جادوگر سمجھتے تھے اور آپ کے قتل کے منصوبے بناتے رہتے تھے۔لیکن ایک لمبے عرصے تک اْن کے منصوبے کامیاب نہ ہو پائے تاہم 24اپریل 68کو اْن میں سے چند ایک نے آپ کو ڈھونڈ نکالا۔ آپ پاک ماس کی قربانی چڑھا رہے تھے جب انہوں نے آپ کو پکڑا اور پاؤں میں رسیاں باند ھ کر سارا دن گلیوں اور بازاروں میں ظالمانہ انداز میں گھسیٹتے رہے۔پھر آپ کو سمندر کے کنارے ایک پتھریلی زمین پر رکھا گیا۔وہ ساری جگہ آپ کے خون سے بھر گئی۔اْسی رات آپ کو قید خانے میں پھینک دیا گیا۔جہاں خداوند نے دو دفعہ رویا میں آپ پر ظاہر ہو کر بذات خود آپ کو تسلی دی۔دوسرے دن 25اپریل کو بھی آپ کے دشمنوں نے آپ کے ساتھ وہی سلوک دوہرایا۔اس اذیت کی وجہ سے آپ ابدی نیند سو گئے۔نویں صدی میں آپ کے جسدِ خاکی کو اٹلی کے شہر وینس لے جایا گیا۔آپ کی تحریر کردہ انجیل کلامِ مقدس کا حصہ ہے۔آپ کی عید ہر سال 25اپریل کو منائی جاتی ہے۔
اے مقدس مرقس ہمارے واسطے دْعا کر!