مقدس متی(محصل سے رسول)

مقدس متی کا تعلق گلیل سے تھا اور آپ حلفائی کے بیٹے تھے۔آپ کو لاوی کہہ کر بھی پْکارا جاتا تھا۔آپ رومی حکومت کیلئے محصول جمع کرنے پر مامور تھے۔ایک روز جب آپ کفر نحوم کے علاقے میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے تو ہمارے خداوند وہاں سے گزرے۔اور انہوں نے آپ سے کہا کہ ”میرے پیچھے ہو لو“۔یہ سنتے ہی آپ نے اپنا سب کچھ چھوڑ کر خداوند کی شاگردی اختیا ر کر لی۔آپ اپنے پیشے کی وجہ سے پہلے ہی نا پسند کئے جاتے تھے۔اور اب اِس فیصلے پر لوگوں نے نہ صرف آپ پر جملے کہنا شروع کئے بلکہ خداوند یسوع مسیح کو بھی گنہگاروں کا دوست قرار دیا۔اسی وجہ سے ہمارے خداوند نے ایک بار کہا تھا کہ ”تندروستوں کو نہیں بلکہ بیماروں کو طبیب درکار ہے“ اور یہ بھی کہ”میں آیا ہوں تاکہ راستبازوں کو نہیں بلکہ گنہگاروں کو ڈھونڈوں اور بچاؤں“۔آپ نے ارامی زْبان میں انجیل ِ مقدس تحر یر کی۔جسے کلامِ مقدس میں نئے عہد نامے کے شروع میں جگہ دی گئی ہے۔آپ کی تحریر سے انداز ہوتا ہے کہ آپ نے اْس وقت کے ایمانداروں اور غیر مسیحیوں کو مدِنظر رکھ کر یہ سارے احوال تحریر کئے۔مسیحیوں کو آپ یہ درس دینا چاہتے تھے کہ وہ دْکھوں،مصیبتوں اور آزمائش کے وقت ایمان میں مضبوط رہیں اور غیر مسیحیوں پر آپ نے یہ واضح کیا کہ مسیحا جو آنے والا تھا وہ خداوند یسوع مسیح کے روپ میں درحقیقت آگیا ہے۔آپ منادی کی غرض سے ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتے رہے۔جن میں فارس(موجودہ ایران)اور ایتھوپیا(افریقہ)قابلِ ذکر ہیں۔ایتھوپیا میں ہی آپ شہادت نصیحت ہوئی۔مقدس متی کی عید ہر سال 21ستمبر کو منائی جاتی ہے۔
اے خداوند ہمارے خدا!ہم تیرا شکر ادا کرتے ہیں کہ تْو نے اپنے پیارے بیٹے ہمارے خداوند یسوع مسیح کی زندگی،تعلیم اورمعجزات کو ہم تک پہنچانے کیلئے مقدس متی کو وسیلہ بنایا۔ہمیں یہ فضل دے کہ ہم اْس کی انجیل کو،اْس کی بیان کردہ تعلیمات کو بغور پڑھیں اور عمل میں لاتے ہوئے دوسروں تک خوشخبری پھیلائیں۔آمین 
اے مقدس متی ہمارے واسطے دْعا کر!


 

Daily Program

Livesteam thumbnail