مقدس سِرل اور مقدس میتھوڈیوس (راہب،بشپ)
آپ دونوں بھائی یونان کے شہر تسالونیکہ میں 815میں پیدا ہوئے۔چونکہ آپ کے والد یونان کے اْس حصے میں آفیسر تھے جہاں سلواقی(slavic)باشندوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔آپ دونوں بھائی انہی لوگوں کے درمیان خدمت کرنے کیلئے مشہور ہیں کیونکہ آپ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ یہاں گزارا۔
مقدس سِرل کو اپنی تعلیم مکمل کرنے پر گورنر کے عہدے کی پیشکش ہوئی تاہم آپ نے گورنر کے عہدہ کو ٹھکرا کر سلواقی لوگوں میں منادی کرنے کو ترجیح دی۔جبکہ آپ کے بھائی نے کچھ عرصہ حکومتی عہدوں پر فائز رہنے کے بعد آپ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے آپ کے ساتھ راہبانہ زندگی اختیار کر لی۔آپ دونوں کی زندگی میں ایک اہم واقعہ اْس وقت پیش آیا جب مْراویہ (Moravia)کے حاکم نے جرمن حکومت سے اپنے خطہ کی آزادی مانگی اور ساتھ ہی ساتھ کلیسیائی خود مختاری بھی چاہی،خود مختاری ملتے ہی آپ دونوں بھائیوں نے بھرپور انداز سے بشارتی کاموں کا آغازکیا۔
مقدس سِرل کو یہ شرف حاصل ہے کہ آپ نے اْن لوگوں کی زْبان کیلئے حروفِ ابجدتخلیق کئے۔بعد ازاں آپ دونوں بھائیوں نے مل کر اناجیل،مزامیر،مقدس پولوس رسول کے خطوط،عبادتی کْتب اور لطوریائی عبادات کا ترجمہ کیا۔آپ عبادات اور بشارتی کاموں کیلئے مقامی زْبان کا استعمال کرتے تھے جس کو جرمن کاہن نا پسند کرتے تھے۔اْس وقت کے جرمن بشپ سلواقی مومنین کو کہانت اور بشپ کی خدمت کیلئے قبول نہیں کرتے تھے۔مقدس سِرل کو اْس کی خبرروم میں دینا پڑی۔جس پر پاپائے اعظم ایڈرین دوم نے آپ کی تخلیق کی ہوئی لطوریائی عبادات کو باقاعدہ تسلیم کیا۔آپ روم میں 14فروری869کوراہبانہ زندگی اختیار کرنے کے تقریباًپچاس دن بعد اپنے خالق ِ حقیقی سے جا ملے۔تاہم آپ کے دوسرے بھائی مقدس میتھوڈیوس بشپ مقرر ہونے کے بعد سلواقی قوموں میں خدمت کرنے کیلئے آئے۔گو کہ منادی کا کام آپ کیلئے بھی آسان نہ تھا۔تاہم آپ نے مزید 16سال خدمت کی۔اس دوران ایک مرتبہ جرمن شہنشاہ لوئیس نے آپ کو تین سال کیلئے جلا وطن کر دیا۔تاہم پاپائے اعظم جان آٹھویں کی مددسے آپ کو آزادی ملی۔آپ کو بار بار اپنی تعلیم جو کہ آپ لوگوں کو دیتے تھے اْس کے دفاع کیلئے طلبی پر روم جانا پڑتاتھا۔آپ 6اپریل 885میں وفات پا گئے۔آپ کے جنازے کی رسومات یونانی،لاطینی اور سلاوق رسومات کے تحت ادا کی گئیں۔پاپائے اعظم جان پال دوم نے31دسمبر1980 میں آپ دونوں بھائیوں کو مقدس بیناڈکٹ کے ساتھ یورپ کا مربی قرار دیا۔
اے خْداوند خدا!تْو مقدس سِرل اور مقدس میتھوڈیوس کو اپنی حکمت سے نوازا کہ وہ سلاوق قوموں میں انجیل کی بشارت دیں۔ہمیں یہ توفیق عطا کر کہ ہم اس ایمان کی حفاظت کریں جسے ہم نے تیرے مبشروں کے ذریعے حاصل کیا ہے۔آمین
Daily Program
