پاپا ئی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے کی لاہور ڈایوسیس کے مبشرانِ انجیل سے خصوصی ملاقات

مورخہ 24فروری2024کوپاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے نے فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء کے ہمراہ لاہور ڈایوسیس کے مبشرانِ انجیل سے خصوصی ملاقات کی۔ پروگرام کے آغاز میں تما م منادصاحبان کی جانب سے پاپائی سفیر کو پھولوں کا گلدستہ اور مالا پہنا کر خوش آمدید کہا گیا۔ ریورنڈ فادر فلپ جان ڈائریکٹر آف کیٹی کیسٹ کمیشن نے کیٹی کیسٹ کمیشن کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد آرچ بشپ جرمانو پینے موتے نے مبشرانِ انجیل سے خطا ب کرتے ہوئے کہا مجھے بہت خوشی ہے کہ میں آرچ ڈایوسیس آف لاہور میں اپنے پہلے پاسبانی دورے کے دوران مناد صاحبان سے ملا قات کر رہا ہے۔ میں نے فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء سے درخواست کی تھی کہ میں لاہور ڈایوسیس کے منادوں سے ملنا چاہتاہوں کیونکہ یقینا یہ کلیسیا کے ستون ہیں اور چرچ انہی کی بدولت چلتا ہے۔انھوں نے کہاآج میں خود کو اپنوں کے درمیان محسوس کر رہا ہوں کیونکہ میں خود بھی ایک مناد کا بیٹا ہوں۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ خدا نے ہمیں اْس کے تاکستان میں خدمت کیلئے بلایا ہے۔ پاپا ئی سفیر نے مزید کہا کہ مبشران ِ انجیل ہونا خدا کی طرف سے بہت بڑی برکت ہے۔ایک مبشرِانجیل کا مطلب یہ ہے کہ ہم خدا کا کلمہ بنتے ہیں۔جب ہمارے منہ سے خدا کا کلام نکلتا ہے تو ہم حقیقی معنوں میں مسیح کے ایلچی بنتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ خدانے آپ کو بطور مناد خدمت کیلئے بلایاہے۔اس لئے یاد رکھیں کہ آپ صرف کسی ایک ڈایوسیس کے مناد نہیں بلکہ پوری دْنیا کیلئے ہیں۔ آپ دوسروں کے لئے رول ماڈل ہیں۔لوگ آپ میں مسیح کی خوبیاں دیکھ کر انھیں اپناتے ہیں۔آپ اْن لوگوں میں جا کر خدا کے کلام کو فروغ دیتے ہیں جہاں کاہن صاحبان نہیں پہنچ پاتے اس لئے یہ آپ کیلئے بہت بڑی برکت ہے جو خدا نے صرف آپ کو دی ہے۔آپ کی اِس خدمت کیلئے میں آپکا دل سے مشکور ہوں۔آخر میں پاپا ئی سفیر نے کہا میں آپ کے لئے دْعا گو ہوں کہ خدا کرے آپ مسیح یسوع جو ہمارے لئے صلیب پر قربان ہوا،اْس کے ساتھ وفادار رہیں۔آئیے دْنیا میں یسوع کے نام کی گواہی دینے میں ثابت قدم رہنے کیلئے مقدسہ ماں سے سفارش طلب کریں۔تاکہ مقدسہ ماں کی سفارشوں کی بدولت ہم یسوع کے قدموں پر قدم رکھ کر چلیں۔نیز مصلوب یسوع آپ کو بہت سی برکات سے مالا مال کرے تاکہ آ پ ایمان میں مضبوطی کے ساتھ اْس کے مشن کو جاری وساری رکھ سکیں۔
فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مناد صاحبان کی خدمات کو سراہا اور کہا پاکستان میں غربت،بیروزگاری اور محدود وسائل کے باوجو د مناد ی کرنا یقنناً بہت بڑی خدمت ہے۔انہوں نے کہا میری دْعا ہے کہ خدا آپ کو کثرت سے استعمال کرے اور آپ اْس کے تاکستان میں خدمت کرکے ڈھیروں برکات حاصل کریں۔ آخر میں فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے پاپائی سفیرجرمانو پینے موتے اورتمام مبشران ِ انجیل کا شکریہ ادا کیا۔نیز پاپائی سفیر نے تمام منادوں کو اپنی خصوصی برکات دے کر رخصت کیا۔نظامت کے فرائض بابو اسلم پیٹر نے ادا کئے۔