پاپائے اعظم لیو چہاردہم کی مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور مکالمہ کی اپیل
مورخہ 15مارچ 2026کو پاپا ئے اعظم لیو چہاردہم نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے ذمہ دار افراد سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کریں اور بات چیت کے راستے دوبارہ کھولیں۔امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں پوپ لیونے کہاکہ میں مشرقِ وسطیٰ کے مسیحیوں اور ہر نیک نیت عورت اور مرد کے نام پر اپیل کرتا ہوں: جنگ بند کریں! مکالمہ کے راستے دوبارہ کھولیں!
انہوں نے کہا کہ تشدد کبھی بھی اُس انصاف، استحکام اور امن تک نہیں لے جا سکتا جس کے عوام منتظر ہیں۔اینجلس کی دْعا کے بعد مومنین سے خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے یاد دلایا کہ مشرقِ وسطیٰ کے عوام دو ہفتوں سے جنگ کی ہولناک تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں بے گناہ لوگ مارے جا چکے ہیں اور بہت سے افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ میں اُن تمام لوگوں کے ساتھ اپنی دْعائیہ قربت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے ان حملوں میں اپنے پیاروں کو کھو دیا، جو اسکولوں، اسپتالوں اور رہائشی علاقوں پر کیے گئے۔
پوپ لیو نے لبنان کی صورتحال پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔انہوں نے کہامجھے اْمید ہے کہ مکالمہ کے ایسے راستے تلاش کیے جائیں گے جو ملک کی قیادت کو جاری سنگین بحران کے مستقل حل تلاش کرنے میں مدد دیں، تاکہ تمام لبنانی عوام کے مشترکہ مفاد کو یقینی بنایا جا سکے۔