خدا کے ساتھ دوستی ہی ہماری نجات ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ14جنوری2026کو پوپ لیو چہاردہم نے مومنین سے خطاب میں دوسری ویٹیکن کونسل پر جاری سلسلہ وارتعلیمات کو آگے بڑھاتے ہوئے کونسل کی ایک اہم ترین دستاویز، دی وربم (Divine Revelation) پر روشنی ڈالی، جسے انہوں نے کونسل کی”سب سے خوبصورت اور اہم دستاویزات میں سے ایک“قرار دیا۔ خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے یوحنا کی انجیل کے یہ الفاظ یاد دلائے:میں اب تمہیں خادم نہیں بلکہ دوست کہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ”دی وربم“ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ یسوع مسیح نے خدا اور انسان کے تعلق کو یکسر بدل دیا ہے۔ اب یہ تعلق غلامی کا نہیں بلکہ دوستی کا ہے اور نئے عہد کی بنیادی شرط محبت ہے۔
پوپ لیو نے واضح کیا کہ اگرچہ خدا اور انسان کے درمیان تعلق ہمیشہ غیر مساوی رہے گا کیونکہ ہم مخلوق ہیں اور وہ خالق ہے، تاہم یسوع مسیح کی انسانی صورت میں آمد کے ذریعے خدا کا عہد اپنے آخری مقصد تک پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یسوع میں خدا ہمیں اپنے بیٹے اور بیٹیاں بناتا اور ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی کمزور انسانی حالت میں بھی اْس جیسا بننے کی کوشش کریں۔انہوں نے زور دیا کہ ہمیں خدا کے کلام کو سننے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ہمارے دلوں اور ذہنوں میں اْتر سکے نیز دْعا کے ذریعے خدا سے بات کرنی چاہیے۔ اس لیے نہیں کہ ہم اْسے وہ بتائیں جو وہ پہلے ہی جانتا ہے بلکہ اس لیے کہ ہم خود کو پہچان سکیں۔
انہوں نے کہا کہ خدا کے ساتھ دوستی کو زندہ رکھنے کے لیے دْعا نہایت ضروری ہے۔ یہ دْعا کلیسیائی اور اجتماعی عبادت میں بھی ہوتی ہے، جہاں خدا خود کلیسیا کے ذریعے ہم سے کلام کرتا ہے۔پوپ لیو نے تاکید کی کہ ایک مسیحی کی روزمرہ اور ہفتہ وار زندگی میں دْعا، دھیان و گیان اور روحانی سوچ کے لیے وقت ضرور ہونا چاہیے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ دنیاوی دوستیاں اکثر غفلت یا دوری کے باعث ختم ہو جاتی ہیں۔لیکن یاد رکھیں کہ یسوع ہمیں دوستی کی دعوت دیتا ہے۔
آئیے ہم اس دعوت کو نظرانداز نہ کریں۔ کیونکہ خدا کے ساتھ دوستی ہی ہماری نجات ہے۔