جہاں ہتھیار گرجتے ہیں، وہاں بھی آپ یسوع مسیح کے گواہ ہو۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم


مورخہ 2فروری2026کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے 30ویں راہبانہ زندگی کے عالمی دن کے موقع پر پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی۔ انہوں نے راہبانہ زندگی گزارنے والے تمام افراد کے پختہ ایمان اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسیح کی پیروی کرتے ہوئے وہ دنیا کو یہ راستہ دکھاتے ہیں کہ تنازعات پر کیسے قابو پایا جائے اور محبت و معافی کے ذریعے بھائی چارہ کیسے فروغ دیا جائے۔ پوپ  لیو نے انہیں ”امن کے خمیر“اور”اُمید کی نشانیاں“بننے کی دعوت دی۔
پوپ لیو نے انجیل مقدس میں سے شمعون اور حنہ کی مثال کا  حوالہ دیا اور کہا کہ جیسے انہوں نے ہیکل میں یسوع کو پہچانا، ویسے ہی راہبانہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کلیسیا اور دنیا میں خدا کی حضوری کی گواہی دیتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ راہبانہ جماعتیں مشکل اور خطرناک حالات، حتیٰ کہ جنگ اور تشدد کے بیچ میں بھی، اپنے لوگوں کو نہیں چھوڑتے بلکہ دْعا، خدمت اور ثابت قدمی کے ساتھ اُن کے درمیان موجود رہتی ہیں۔آخر میں پوپ لیو نے کلیسیا کی طرف سے راہبانہ زندگی گزارنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور دْعا کی کہ خدا کرے یہ جہاں بھی ہوں، امن، اُمید اور خدا کی نجات بخش محبت کی زندہ علامت بنے رہیں۔
یادرہے راہبانہ زندگی کے عالمی دن کا آغاز مقدس پوپ جان پاک دوم نے 1997میں کیا تھا جو ہر سال یسوع مسیح کے ہیکل میں نذر کئے جانے کی عید کے دن منایا جاتا ہے۔