اچھا چرواہا یسوع کھلے بازوؤں کے ساتھ ہمارا انتظار کر رہا ہے۔پوپ فرانسس
مورخہ 21اپریل2024کوپوپ فرانسس نے اس بات پر زور دیا کہ اچھا چرواہا یسوع ہم میں سے ہر ایک سے بے حد محبت کرتا اور ہمارے لیے اپنی جان قربان کر دیتا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ اچھا چرواہا اپنی بھیڑوں میں سے ہر ایک کو جانتا ہے۔اور اگر وہ گم ہو جائیں تو اْن کی تلاش کرتا ہے۔ وہ ناصرف اْن کی حفاظت کرتا بلکہ اپنی بھیڑوں کی ضروریات کو بھی پورا کرتا ہے۔
پوپ فرانسس نے ہم میں سے ہر ایک کو یاد دلایا کہ خداوند یسوع نے حقیقت میں ہمارے لیے اپنی جان دی، وہ مر گیا اور جی اُٹھا،کیونکہ ہم سے محبت کرتا ہے اور وہ ہم میں ایسی خوبصورتی دیکھتا ہے جو ہم اکثر اپنے آپ میں نہیں دیکھ پاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ اپنے آپ کو ناکافی یا غلط سمجھتے ہیں صرف اس بات کی بنیاد پر کہ دنیا انہیں کیسے دیکھتی ہے، یا دوسروں کے فیصلوں پر۔ لیکن یسوع ہمیں بتاتا ہے کہ ہم اْس کے لیے بہت زیادہ خاص ہیں اور ہمیشہ خاص رہیں گے۔ لہٰذا ہمیں حقیقی معنوں میں خوشی پانے کے لیے خُداوند کی حضوری میں رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
پوپ فرانسس نے مومنین سے درخواست کی کہ ہم اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں اور غور کریں کہ کیا ہم واقعی خدا کی بے پناہ محبت کو قبول کرتے ہیں جو ہماری زندگیوں کو اہمیت اور معنی دیتی ہے۔ اگر ہم اپنی زندگیوں میں ایسا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو ہم زندگی کے راز کو دوبارہ دریافت کر لیں گے۔پوپ فرانسس نے اپنے پیغام کا اختتام کرتے ہوئے کہا خدا کرے مقدسہ مریم ہماری ماں ہماری مدد کرے تاکہ ہم یسوع کی تلاش کر سکیں جو کہ زندگی کیلئے ضروری ہے۔