ڈیکن عادل شمعون او۔ ایم۔ آئی اور ڈیکن اکرام فلپس او۔ایم۔ آئی کی کاہنانہ مخصوصیت
مورخہ 10 اپریل 2024 کو سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل، لاہور میں فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا ء کے دستِ مبارک سے ڈیکن عادل شمعون او۔ ایم۔ آئی اور ڈیکن اکرام فلپس او۔ایم۔ آئی کی کاہنانہ مخصوصیت کی رسم ادا کی گئی۔
پاک ماس کی اقدس قربانی کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا ء نے کی۔ جبکہ معاونت ریورنڈ فادر خان پولولس او ایم آئی، ڈیلیگیٹ سپیریئر آف دی اوبیلیٹس آف مری امیکولیٹ،ریورنڈ فادر گلشن برکت او ایم آئی، اوبلیٹ سکالسٹیکیٹ ہاؤس کے سپیریئر، کراچی،ریورنڈ فادر بشارت ، OMI جماعت کے نو منتخب سپیریئر اورریورنڈ فادر آصف سردار،وکر جنرل آف لاہور ڈایوسیس نے کی۔
اپنے وعظ میں،فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا ء ڈیکن عادل شمعون او۔ ایم۔ آئی اور ڈیکن اکرام فلپس او۔ایم۔ آئی کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سیموئیل نبی خدا کی آواز سے اپنی ابتدائی ناواقفیت کے باوجود، آخر کار الہی رابطے اور رہنمائی کے لیے آلہ کار بن گیا۔ اسی طرح کہانت کا سفر خدا کی آواز کو مسلسل سننے، اس کی مرضی کے آگے سر تسلیم خم کرنے اور دنیا میں اس کے فضل اور رحمت کا آلہ کار بنناہے۔نیز بشپ جی نے اْس مقدس راستے پر روشنی ڈالی جس پر ایک کاہن،کہانت کا سفر جاری رکھتا ہے۔فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا ء نے نئے کاہنوں سے کہا جس طرح یسوع نے فروتنی، رحم دلی اور خدمت خلق کی مثال دی، اسی طرح آپ کو بھی ان خوبیوں کی تقلید کرنی اور دنیا میں امن، مفاہمت اور محبت کے سفیر بننا ہے۔
اس پاک رسم میں کاہنانہ برادری، سسٹر صاحبا ت، ڈیکن عادل شمعون او۔ ایم۔ آئی اور ڈیکن اکرام فلپس او۔ایم۔ آئی کے خاندان اور عام مومنین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دونوں کاہنوں نے فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا ء کا پاک خدمت کا ساکرامنٹ دینے پر شکریہ ادا کیا۔