پختہ عزم اور مصمم ارادے کامیابی کی ضمانت ہیں۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

مورخہ 16 جون 2025 کوسینٹ میری کیمبرج سکول راولپنڈی میں سی ایس ایس اکیڈمی کے چھٹے بیچ کی اورینٹیشن کا انعقا د کیا گیا۔اس پروگرام میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے بطور مہمان ِ خصوصی شرکت کی۔بشپ جی کو خوبصورت پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔بشپ صاحب نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وسیع سوچ کے حامل ہونا ہے۔کیونکہ کامیابی کیلئے سوچ بلندیوں کو چھولینے والی ہونی چاہئے نیزپختہ عزم اور مصمم ارادے کامیابی کی ضمانت ہیں۔ بشپ جی نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کی مدد ورہنمائی کریں تاکہ آپ کامیاب ہوں اور کلیسیا کی پہچان بنیں۔ بشپ جی نے آخر میں کہا کہ میری دْعائیں تمام سی ایس ایس کرنے والے مسیحی نوجوانوں کے ساتھ ہیں خدا آپ کو ترقی دے نیز آپ قوم کی خدمت کے لیے محنت، لگن اور حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔