اسلام آباد راولپنڈی ڈایوسیس میں 56 ہونہار مسیحی طلبہ کے اعزاز میں اسکالرشپ پروگرام کا انعقاد

اسلام آباد راولپنڈی ڈایوسیس میں 56 ہونہار مسیحی طلبہ کے اعزاز میں اسکالرشپ پروگرام کا انعقاد
اسلام آباد راولپنڈی ڈایوسیس میں 56 ہونہار مسیحی طلبہ کے اعزاز میں اسکالرشپ پروگرام کا انعقاد

 مورخہ 19 ستمبر2026کو اسلام آباد،راولپنڈی ڈایوسیس کے آرچ بشپ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی سر پرستی میں  ہائی اچیورز اسکالرشپ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 56 مسیحی طلبہ کو تعلیمی کامیابیوں پر سراہا گیا۔پروگرام کا مقصد صرف طلبہ و طالبات کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہنا نہیں بلکہ انہیں مستقبل اور پیشہ ورانہ زندگی کے لیے حوصلہ دینا بھی ہیاس پروگرام میں کاہن صاحبان، سسٹر صاحبات، مناد صاحبان، طلبہ و طالبات اور والدین سمیت 150 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت کو اپنا شعار بنائیں، اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو خاندان، معاشرے اور ملک کی خدمت کے لیے استعمال کریں۔
بشپ جی نے نوجوانوں کو واضح اہداف مقرر کرنے، محنت جاری رکھنے اور ایسے شعبوں کا انتخاب کرنے کی ترغیب دی جن کے ذریعے وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ قابلِ تقلید شخصیات سے رہنمائی حاصل کریں اور اپنی تعلیم و صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔آرچ بشپ جوزف ارشد نے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ خدا ہمیشہ آپ کی محنت کو برکت دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور فنی و پیشہ ورانہ مہارتیں بھی حاصل کریں۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ تعلیم کی اہمیت کو سمجھیں اور اپنے بچوں کو کامیابی کے لیے ضروری تعاون، رہنمائی اور حوصلہ فراہم کریں۔
اس موقع پر ڈایوسیسن بورڈ آف ایجوکیشن کے جنرل سیکریٹری جناب سنور گل نے کہا کہ فضیلت مآب آرچ بشپ  ڈاکٹرجوزف ارشد ہمیشہ مسیحی طلبہ کو اپنے وقت کو مثبت انداز میں استعمال کرنے اور تعلیم کے حصول کی ترغیب دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے آرچ بشپ کے مختلف پاسبانی خطوط کا بھی حوالہ دیا، جن میں 2022 کا تعلیم کے موضوع پر خط اور 2026 میں بچوں کے سال کے موقع پر جاری کیا گیا خط شامل ہے، جس میں بچوں کی ایمانی تربیت اور تعلیم کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
اسکالرشپ پروگرام میں ڈایوسیس کے مختلف پیرشز سے تعلق رکھنے والے 56 طلبہ شریک ہوئے، جنہوں نے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں نتائج حاصل کیے تھے۔ ان میں سے سات طلبہ نے 1100 سے زائد نمبر حاصل کیے۔
پروگرام کے دوران ریورنڈ فادر اسد کی زیرِ قیادت آوے ماریا کوائر نے جِھل مِل تارے آسماں پہ چمکے البم کے گیت پیش کیے۔ یہ البم آرچ بشپ جوزف ارشد نے تحریر اور کمپوز کیا ہے۔

Urdu Survey Popup