وزیراعظم ہاؤس اسلام آبادمیں دیوالی کی پُرمسرت تقریب کا انعقاد
مورخہ21اکتوبر2025کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آبادمیں دیوالی کی پُرمسرت تقریب منعقد ہوئی۔جس میں امن، بھائی چارے اور مساوی حقوق کا پیغام اْجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف مذاہب رہنماؤں اور برادریوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور روشنی کے اس تہوار کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا۔تمام شرکاء نے پاکستان میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
اس تقریب میں کیتھولک کلیسیا کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان میں پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے نے خصوصی شرکت کی۔انہوں نے اپنے پیغام میں امن،بھائی چارے،مساوی حقوق نیز ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے کی اہمیت کواْجاگرکیا۔انہوں نے کہا کہ تہوارہماری ثقافت کا اظہار کرتے ہیں اور مختلف ثقافتیں جب یکجا ہوتیں ہیں تو مذاہب اور حدوں سے بالاتر ہوکر تمام بنی نوع انسان کی زندگیوں میں خوشیوں کا رنگ بھر دیتیں ہیں۔دیوالی کے اس موقع پرمختلف مذاہب کے افراد کا یہاں اکٹھا ہونا یکجہتی کی علامت ہے۔جوہم آہنگی اوربین الاقوامی مکالمہ کا آغازہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی اور کہا جیسا کہ گھر اور دل دیوالی کی روشنی سے منور ہوتے ہیں، یہ تہوار تاریکی کو دور کرے، ہم آہنگی کو فروغ دے، اور ہم سب کو امن، ہمدردی اور مشترکہ خوشحالی کے مستقبل کی طرف گامزن کرے۔
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں کہ تمام شہری امن سے رہ سکیں اور ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، چاہے ان کا عقیدہ یا پس منظر کچھ بھی ہو۔
اس تقریب میں موجود مذہبی اورحکومتی نمائندوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی روشنی، اْمید اور نیکی کی بدی پر فتح کی علامت ہے اور پاکستان میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، چاہے وہ کسی بھی مذہب یا عقیدے سے تعلق رکھتے ہوں۔وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونے والی یہ تقریب پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کی ایک خوبصورت مثال قرار دی گئی۔
روشنیوں کا تہوار دیوالی دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے مختلف حصوں میں بھی منایا گیا۔ اس موقع پر کراچی، حیدرآباد، عمرکوٹ اور سندھ کے کئی علاقوں میں مندروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور عقیدت مندوں نے خوشحالی اور قومی اتحاد کے لیے دعائیں کیں۔