میں نے پاکیزگی، دْعا،حلیمی،دوسروں کی مدد کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا اپنی والدہ محترمہ سے سیکھا ہے۔ فضلیت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس
مورخہ 16فروری 2026کو سیکرڈہارٹ کیتھڈرل لاہور میں فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس کی والدہ محترمہ مرحومہ مسز مگدلین ریچل ٹراوس کیلئے خصوصی پاک ماس خدا کے حضور گزرانی گئی۔ جس میں کاہنانہ برادری،سسٹرز صاحبات،مبشرانِ انجیل اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پاک ماس کی اقدس قربانی کی صدارت فضلیت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے خود فرمائی۔دورانِ وعظ انہوں نے بتایاکہ میں نے پاکیزگی، دْعا،حلیمی،دوسروں کی مدد کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا اپنی والدہ محترمہ سے سیکھا ہے۔میری والدہ کی نصیحت یہ تھی کہ اپنی صلیب حلیمی،خاموشی اور مسکراہٹ کے ساتھ اْٹھانا۔بشپ جی نے کہا کہ میری والدہ نے اپنی صلیب بھی حلیمی سے اْٹھائی۔یسوع نے کہا مبارک ہیں وہ جو حلیم ہیں کیوں کہ وہ زمین کے وارث ہوں گے اور میری والدہ زمیں اور آسمان دونوں کی وارث ٹھہری ہے۔
اس کے بعد ریورنڈ فادر آصف سردار وکر جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور نے فضلیت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس کی والدہ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم ماں ہے جس نے ایک عظیم کاہن اور عظیم بشپ کو جنم دیا۔اور وہ خدا کی حضوری میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ فادر موصوف نے تمام کاہنانہ برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے بشپ جی سے اظہار افسوس کیانیز انھیں اپنی دْعاؤں کا یقین دلایا۔
پاک ماس کے آخر میں فضلیت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے تمام کاہنوں،سسٹرز صاحبات،مبشرانِ انجیل اور مومنین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انھیں تسلی کے پیغامات بھیجے اْن کے دْکھ میں شریک ہوئے،اْن کے دْکھ کو اپنا دْکھ سمجھا نیز دْعاؤں میں یاد رکھا۔