سینٹ پال ہائی سکول والٹن روڈکی نو تعمیر شدہ عمارت کی رسم ِ برکت اور افتتاح
مورخہ 20 اکتوبر 2026 کو فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اپنے دستِ مبارک سے ماڈل کالونی، والٹن روڈ میں واقع سینٹ پال ہائی سکول کی نو تعمیر شدہ عمارت کی رسم ِ برکت ادا کی اور باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس منصوبے کا سنگِ بنیاد آرچ ڈایوسیس آف لاہور کے وِکر جنرل، ریورنڈفادر آصف سردار نے رکھا، جبکہ عمارت کی تعمیر کی نگرانی کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن لاہور نے کی۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان کی اخلاقی و روحانی تربیت کرنے اور انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سکول کی نئی عمارت طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرے گی اور ان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں معاون ثابت ہوگی۔
نئی عمارت کی تعمیر آرچ ڈایوسیس آف لاہور کی جانب سے معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا اور ان کی علمی، اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے سازگار مواقع پیدا کرنا ہے۔اس موقع پر سینٹ پال ہائی سکول کی انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ، والدین اور پوری تعلیمی برادری کے لیے یہ ایک اہم اور خوشی کا موقع تھا۔ امید ظاہر کی گئی کہ نئی عمارت طلبہ کے لیے علم، ایمان، نظم و ضبط اور امید کا مرکز ثابت ہوگی۔
