اپوسٹولک وِکریٹ آف کوئٹہ میں فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاءکی رسمِ تنصیب
مورخہ 24 مارچ 2026 کو، سینٹ میریز کیتھولک چرچ، جعفرآباد، کوئٹہ میں فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء(او۔ایف۔ ایم) کی بطور اپوسٹولک وکررسمِ تنصیب نہایت وقار اور روحانیت کے ساتھ ادا کی گئی۔ پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی جس کی قیاد ت فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء نے جبکہ معاونت فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس، فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشداور عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے فرمائی۔اس کے علاوہ بڑی تعداد میں کاہنوں، سسٹرزصاحبات اور مومنین نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز بشپ خالد رحمت کے تعارفی کلمات سے ہوا، جنہوں نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور اس اہم موقع کی اہمیت کو اْجاگر کیا۔ انہوں نے آرچ ڈایوسیس آف لاہور میں آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا ء کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیااور دل سے سراہا۔
اس کے بعد رسولی فرمان (Apostolic Mandate) کی رسم ادا کی گئی، جسے فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے انگریزی زبان میں پڑھا۔ بعد ازاں یہ فرمان اپوسٹولک وِکر کے نمائندہ فادر پرویز رضا او۔ایم۔ آئی کے سپرد کیا گیا، جنہوں نے اسے بشپ صاحبان، کاہن صاحبان اور مومنین کو دیکھایا۔ بعد میں اس فرمان کو اْردو میں بھی پڑھا گیا تاکہ تمام حاضرین اس کی اہمیت اور روحانیت کو بخوبی سمجھ سکیں۔
رسمِ تنصیب کے بعد فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا ء نے وفاداری کا حلف اٹھایا۔ انہیں عصا (Crozier) پیش کیا گیا جو ان کے پاسبانی اختیار کی علامت ہے، اور انہیں باقاعدہ طور پر مسند پر بٹھایا گیا، جو اپوسٹولک وِکریٹ کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالنے کی علامت ہے۔
اپنے پیغام میں فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء نے خدا کی دائمی محبت اور رحم پر گہرا دھیان و گیان پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خدا اپنے لوگوں کو مسلسل توبہ کی دعوت دیتا ہے اور ہمیں اس کی آواز سن کر اس کے فضل میں زندگی گزارنی چاہیے۔ انہوں نے مومنین کو یاد دلایا کہ اگرچہ خدا صابر ہے، مگر توبہ کا موقع محدود ہے۔ انہوں نے انجیل کے حوالے سے فضل کی حالت میں زندگی گزارنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے یوحنا کی انجیل سے حوالہ دیتے ہوئے مسیحی زندگی کے دو اہم پہلوؤں پر بات کی: خدا کے ساتھ گہرا تعلق قائم کرنا اور فرمانبرداری و محبت کی زندگی گزارنا۔ انہوں نے سب کو ترغیب دی کہ وہ خدا کے ساتھ قریبی رشتہ مضبوط کریں اور ایسی زندگی گزاریں جو اسے پسند ہو۔
اس موقع پر پاکستان میں پاپائی سفیر، فضیلت مآب جرمانو پینے موتے کا خصوصی پیغام بھی پیش کیا گیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے اپوسٹولک وِکریٹ آف کوئٹہ کو نئے وکر کی تنصیب پر مبارکباد دی اور بشپ خالد رحمت کی 2021 سے جاری خدمات کو سراہا، جنہیں انہوں نے خلوص، جوش اور سادگی کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء کو ایمان میں مضبوط اور ثابت قدم رہنے کی تلقین کی اور مومنین سے اپیل کی کہ وہ اپنے نئے روحانی پیشوا کے لیے مسلسل دْعا کریں۔ یہ پیغام انگریزی میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد اور اْردو میں ریورنڈفادر سیمسن شاکر نے پڑھ کر سنایا۔
تقریب کے اختتام پر مومنین نے بشپ صاحبان کو تحائف اور ہار پیش کر کے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء نے تمام حاضرین کا دل شکریہ ادا کیا۔