آرچ ڈایوسیس آف لاہور میں جوبلی سال 2025، ”اْمید کے زائرین“کا افتتاح

مورخہ 3 مارچ 2025 کو آرچ ڈایوسیس آف لاہور نے سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل میں بڑی خوشی اور شادمانی کے ساتھ جوبلی سال 2025، ”اْمید کے زائرین“کا افتتاح کیا۔ 
اس افتتاحی تقریب میں فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراواس نے تمام ڈایوسیس کی جانب سے جوبلی کی شمع کو روشن کیا جو کہ ایمان اور تجدید کے مقدس سفر کے آغاز کی علامت تھی۔جوبلی کے آغاز کی علامت کے طور پر جوبلی بینر کو غباروں کے ہمراہ فضا میں چھوڑا گیا۔
فادر صاحبان،سسٹرصاحبات، مناد صاحبان،بردران اور پیرش کے مومنین فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس کی سربراہی میں گیت گاتے اور حمدوثنا کرتے ہوئے ہاتھوں میں موم بتیاں جلائے عقیدت کے ساتھ کیتھیڈرل کی طرف جلوس کی صورت میں آئے۔ پاک ماس سے پہلے فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراواس نے ریورنڈ فادر آصف سردار (وکرِجنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور)اور ریورنڈ فادر عمانوائیل عاصی کے ہمراہ جوبلی سال کے لوگوکی نقاب کْشائی کی۔ اس بابرکت موقع پر پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراواس نے فرمائی۔دوران ِ وعظ بشپ صاحب نے بڑی خوبصورتی سے جوبلی کے مقصد، اس کی اہمیت اور کردار کو بیان کیا اور کہا کہ اس دنیا اکثر ہم بھٹک جاتے ہیں کیونکہ ہم خدا سے دْور ہو جاتے ہیں لیکن جب ہم گرجا گھر جاتے اور یسوع سے ملتے ہیں تب سب راستے سمجھ میں آجاتے ہیں۔ یہ جوبلی کا سال مومنین کو اسی لئے دیا گیا ہے تاکہ ہم اپنے ابدی گھر کا راستہ تلاش کر سکیں۔  
مزید بتایا کہ اْمید کے بغیر، انسان ایک سیکنڈ بھی نہیں جی سکتا، یسوع ہماری حتمی اْمید ہے اور اس کے بغیر، زندگی کا کوئی معنی نہیں۔اپنے پیغام کے اختتام میں بشپ صاحب نے کہا کہ یہ جوبلی تبھی معنی خیز ہو گی جب ہر مسیحی حقیقی معنوں میں یسوع مسیح سے ملاقات کرے۔ اگر ہم یسوع کے ساتھ حقیقی ملاقات نہیں کرتے تو جوبلی کا کوئی مطلب نہیں ہے۔میری دْعاہے کہ جوبلی کے اس مقدس سال کے وسیلے ہم خداکے ساتھ گہرا تعلق تلاش کرنے میں کامیاب ہوں تاکہ ابدی زندگی میراث میں پائیں۔
پاک ماس کے بعد تمام مومنین نے ملِ کر جوبلی کی دْعا پڑھی اور جوبلی کا کیک بھی کاٹا گیا۔