ہماری تاریک ترین گھڑیوں میں بھی یسوع ہمیں تنہا نہیں چھوڑتا۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 9اگست 2026کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مقدس پطرس کے احاطہ میں جمع ہونے والے مومنین سے کہا کہ یسوع کی موجودگی سب کچھ بدل دیتی ہے۔انھوں نے انجیل مقدس کی تلاوت پر غور کیا، جس میں بیان کیا گیا ہے کہ یسوع کس طرح اپنے شاگردوں کے ساتھ طوفان کے بیچ پانی پر چلتے ہوئے آ ملتے ہیں (متی 14:22-33)۔
خاطر جمع رکھو۔میں ہی ہوں مت ڈرو۔یسوع کے ان لفظوں کا مقصد شاگردوں کو تسلی دینا تھا۔پوپ لیو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پطرس  یسوع کی طرف جانے کے لیے لہروں پر چند قدم چلنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، لیکن پھر خوفزدہ ہو کر ڈوبنے لگتا ہے لیکن یسوع اْسے بچا لیتاہے۔
انجیل مقدس کا یہ واقعہ سیکھاتا ہے کہ ہمیں خوفزدہ نہیں ہونا اور اپنی نظریں کبھی بھی یسوع سے نہیں ہٹانی چاہئیں۔
پوپ لیو نے بتایا کہ اس تجربے کے نتیجے میں شاگردوں کے دلوں سے ایمان کا یہ اقرار نکلتا ہے:بے شک تو خدا کا بیٹا ہے!
انہوں نے اس اقرارِ ایمان کو متی کی انجیل کے ایک دوسرے واقعہ سے جوڑا، جہاں یسوع فرماتے ہیں:میں تم سے سچ کہتا ہوں، اگر تمہیں ایمان ہو اور شک نہ کرو، تو اس پہاڑ سے بھی کہو گے کہ یہاں سے اْٹھ کر سمندر میں جا پڑ، تو ایسا ہی ہوگا۔(متی 21:21)
پوپ لیو نے کہا کہ شاگردوں نے جھیل پر بالکل یہی تجربہ کیا کہ مسیح کا امن اْن تک اْس وقت پہنچا جب پانی کی لہریں پوری شدت سے اْٹھ رہی تھیں۔
پوپ لیو نے اس معجزے سے دو اہم اسباق اخذ کیے۔
پہلا یہ کہ کامیابی کے وقت مغرور نہ ہوں اور دوسرا یہ کہ تاریک لمحوں میں بھی مایوس نہ ہوں، جب ہم مسائل کے سامنے خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں اور اپنی تمام کوششوں کے باوجود یہ محسوس ہوتا ہے کہ ہم آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کبھی بھی یسوع ہمیں تنہا نہیں چھوڑتے۔ اگر ہم عاجزی کے ساتھ اپنی زندگی کی کشتی میں انہیں خوش آمدید کہیں،دْعا کریں اور اْسکے کلام کو سنیں تو ہمیں انہی میں، اپنے سفر کے لیے امن، روشنی اور قوت ملے گی۔
آخر میں پوپ لیو نے دعا کی کہ مقدسہ کنواری مریم ہماری مدد کرے تاکہ ہم خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو مکمل طور پر اْس کے سپرد گی میں  دیں، وہی مریم جسے اس کے ایمان کی وجہ سے مبارک قرار دیا گیا۔

Urdu Survey Popup