مقدس اسٹیفن کی شہادت موت نہیں، نور میں نئی زندگی ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 26دسمبر2025کو سینٹ پیٹرز اسکوئر میں پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے کلیسیا کے پہلے شہید، مقدس اسٹیفن کی عید کے موقع پر مومنین سے خطاب کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ مقدس اسٹیفن،جو کلیسیا کے پہلے شہید ہیں اْن کی شہادت پر غور کرتے ہوئے اسے انجام نہیں بلکہ ایک نئی ابتدا قرار دیا یعنی آسمان میں جنم۔
انہوں نے کہا کہ آج کی عید کو ابتدائی مسیحیوں نے مقدس اسٹیفن کی سالگرہ کہا۔ رسولوں کے اعمال کی کتاب کے بیان پر غور کرتے ہوئے، پوپ لیو نے اس پُراثر منظر کی طرف توجہ دلائی جب اسٹیفن عدالتِ عالیہ کے سامنے کھڑے تھے:”اور اْن سب نے جو عدالتِ عالیہ میں بیٹھے تھے اْس پر غور سے نظرکی تو دیکھا کہ اْس کا چہرہ فرشتے کا سا ہے“ (اعمال 6:15)۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ْاس شخص کا چہرہ ہے جو تاریخ سے بے تعلق نہیں رہتا بلکہ محبت کے ساتھ اس کا جواب دیتا ہے۔پو پ لیو نے کہا کہ مقدس اسٹیفن کی زندگی اور موت اُس الٰہی محبت کی عکاس ہے جو یسوع میں ظاہر ہوئی، وہ نور جو ہماری تاریکی میں چمکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خدا کے بیٹے کی پیدائش انسانیت کو اپنی طرف بلاتی ہے، جیسے اْس نے مقدسہ مریم،حضرت یوسف اور چرواہوں کو اْن کی فروتنی کے ساتھ بلایا۔
پوپ لیو چہاردہم نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی طاقت خدا کے کام پر غالب نہیں آ سکتی۔ آج بھی دنیا بھر میں ایسے لوگ ہیں جوبڑی قیمت چکانے کے باوجود انصاف کا انتخاب کرتے ہیں، وہ خوف پر امن اور ذاتی مفاد پر غریبوں کی خدمت کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا اِن انتخابوں سے،اْمید پھوٹتی ہے، جو دْکھ کے بیچ بھی جشن کو ممکن بناتی ہے۔پوپ لیونے موجودہ حالات کی حقیقت پسندی سے آنکھیں نہیں چرائیں۔ اور بتایا کہ جو لوگ امن پر ایمان رکھتے ہیں وہ یسوع اور شہیدوں کے غیر مسلح راستے پر چلتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اکثر اْن کا مذاق اْڑایا جاتا یا انہیں الگ تھلگ کر دیا جاتا ہے، حتیٰ کہ بعض اوقات دشمنوں کا ساتھ دینے کا الزام بھی لگایا جاتا ہے۔ مگر انہوں
نے واضح کیا کہ مسیحیوں کے دشمن نہیں ہوتے بلکہ بھائی اور بہنیں ہوتی ہیں جن کی عزت و وقار اُس وقت بھی برقرار رہتی ہے جب باہمی سمجھ بوجھ کمزور پڑ جائے۔
پوپ لیو چہاردہم نے کہا کرسمس ایک ایسی خوشی ہے جو اُن لوگوں کے ذریعے زندہ رہتی ہے جو پہلے ہی بھائی چارے کے ساتھ جیتے ہیں۔یسوع کی مانند، مقدس اسٹیفن نے معاف کرتے ہوئے جان دی اورہتھیاروں کی طاقت سے زیادہ حقیقی طاقت سے سہارا پایا: ایک بے لوث قوت جو ہر دل میں موجود ہے اور اُس وقت جاگ اْٹھتی ہے جب ہم ایک دوسرے کو توجہ اور پہچان کی نگاہ سے دیکھنا سیکھتے ہیں۔پوپ لیو نے کہا کہ ہاں، یہی ہے دوبارہ جنم لینا، ایک بار پھر نور میں آنا،یہی ہمارا”کرسمس“ہے۔
پوپ لیو چہاردہم نے اپنے خطاب کے اختتام پر مومنین کو مقدسہ مریم کے سپرد کیا، جوتمام عورتوں میں مبارک ہیں جو زندگی بخشتی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ ہم مقدس اسٹیفن، کلیسیا کے پہلے شہید کو یاد کرتے ہوئے اْن سے شفاعت مانگتے ہیں کہ وہ ہمارے ایمان کو مضبوط کرے اور اُن مسیحیوں کو سہارا دیں جو اپنی مسیحی گواہی کے سبب سب سے زیادہ دْکھ سہہ رہے ہیں۔