رسولوں کی طرح زندگی گزاریں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 30جنوری 2026کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے ویٹیکن میں دورے پر آئے ہوئے پیرو کے بشپ صاحبان کا استقبال کرتے ہوئے اْنہیں دعوت دی کہ وہ رسولوں کی طرح اپنی زندگی گزاریں۔انہوں نے ابتدائی کلیسیا اور مقدس توربیو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی رفاقت صرف تنظیمی نہیں بلکہ روحانی ہے، جو مشترکہ ایمان اور مشن میں پیوستہ ہوتی ہے۔پیرو میں کلیسیا کو درپیش چیلنجز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پوپ لیو نے انجیل مقدس سے نئی اور مضبوط وفاداری کی ضرورت پر زور دیا، جس کا اعلان پوری سچائی اور دیانت داری کے ساتھ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مقدس توربیو نے اپنی بات نہیں سنائی بلکہ وہ کلام سنایا جو اْسے ملا تھااور اْس کی تبدیلی لانے والی قوت پر بھروسہ کیا۔
پوپ لیونے مزید کہا کہ آج کلیسیا کوواضح، دلیرانہ اور خوشخبری سے بھرپور اعلان کی دعوت دی گئی ہے، جو اپنی مسیحی شناخت کھوئے بغیر ثقافت سے مکالمہ بھی کرے۔
پوپ لیو نے بشپ صاحبان پر زور دیا کہ وہ اپنی خدمت کو رسولوں اور مقدس پولوس کی زندگی کے مطابق ڈھالیں،جنہوں نے خود کو تبدیل کیا،تاکہ انجیل کا پیغام پہنچایا جا سکے۔انہوں نے  بتایا کہ رسولوں کی طرح زندگی گزارنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُن سب کے قریب ہوں جو ہمیں سونپے گئے ہیں، اْن کی زندگیوں اور سفر میں شریک ہوں،خصوصی طور پر کمزور اور نادار افراد کی فکر کریں۔
اپنے ذاتی تجربات بیان کرتے ہوئے پوپ لیو چہاردہم نے پیرو میں اپنی  زندگی کو یاد کیا اور کہا کہ یہ ملک میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہاں میں نے آپ کے ساتھ خوشیاں اور مشکلات بانٹیں، آپ کے لوگوں کے سادہ ایمان سے سیکھا اور ایک ایسی کلیسیا کی طاقت کو دیکھا جو آزمائشوں میں بھی پْر اْمید رہنا جاتی ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ  لیونے پیرو کے بشپ صاحبان، کاہنوں، مذہبی افراد اور تمام مومنین کو مقدسہ مریم ملکہِ رحم کی مادرانہ شفاعت کے سپرد کیا اور خاص طور پر اُن افراد کے لیے رسولی برکت عطا کی،جو محبت اور تسلی کے سب سے زیادہ مستحق ہیں۔